شیلانگ/ آواز دی وائس
میگھالیہ کے مشہور راجا رگھوونشی قتل کیس میں ہر روز نئے اور سنسنی خیز انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔ اس معاملے میں کرائم سین کی ری-کری ایشن نے اس ہولناک قتل کی سچائی کو بے نقاب کر دیا ہے۔ میگھالیہ پولیس نے اس کیس کو "آپریشن ہنی مون" کا نام دیا تھا۔ تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ راجا رگھوونشی کی بیوی سونم رگھوونشی ہی اس قتل کی مرکزی سازش کار تھی، جس نے اپنے عاشق راج کشواہا اور تین سپاری کلرز – وِشال سنگھ چوہان، آنند کرمی، اور آکاش راجپوت – کے ساتھ مل کر اس واردات کو انجام دیا۔
یہ قتل 23 مئی 2025 کو شیلاگ کے سوہرا علاقے میں نونگریات گاؤں کے قریب ویساڈونگ آبشار کے پاس ہوا۔ کرائم سین ری-کری ایشن کے مطابق، وِشال نے سب سے پہلے راجا کے سر پر پیچھے سے جان لیوا حملہ کیا، جس کے بعد راجا خون میں لت پت زمین پر گر کر چیخنے لگا۔ اس وقت سونم موقع پر موجود تھی، لیکن پہلے وار کے بعد وہ پیچھے ہٹ گئی۔ اس کے بعد آنند اور آکاش نے راجا پر مزید دو وار کیے، جن سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ تینوں ملزمان نے مل کر راجا کی لاش کو کھائی میں پھینک دیا۔
سونم کی پناہ گاہ والے فلیٹ پر میگھالیہ پولیس کی کارروائی
راجا رگھوونشی قتل کیس کے سلسلے کی کڑیاں جوڑنے کے لیے میگھالیہ پولیس کی ایک ٹیم منگل کو اندور کے ایک فلیٹ پر پہنچی، جہاں شبہ ہے کہ واردات کے بعد مرکزی ملزمہ سونم نے کچھ دنوں تک پناہ لی تھی۔ مدھیہ پردیش پولیس کے ایک افسر نے یہ اطلاع دی۔ افسر نے بتایا کہ میگھالیہ پولیس کی ایک ٹیم شہر کے دیواس ناکہ علاقے میں ایک فلیٹ پر پہنچی اور اس کی جانچ کی۔ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ میگھالیہ میں راجا رگھوونشی کے قتل کے بعد ان کی بیوی سونم واردات کے دوران فرار ہو کر اس فلیٹ میں کچھ دنوں کے لیے چھپی رہی تھی۔ بعد میں وہ اترپردیش چلی گئی تھی، جہاں سے اسے گرفتار کیا گیا۔
بلاگر دیویندر سنگھ کی ویڈیو سے کھلیں گے کئی راز
ویڈیو میں صاف دکھائی دیتا ہے کہ سونم اور راجا ٹریکنگ کے لیے جا رہے ہیں، جبکہ تینوں ملزمان ان کے پیچھے پیچھے آ رہے تھے۔ شیلاگ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) ویویک سم نے بتایا کہ یہ ویڈیو اس کیس کی ایک اہم کڑی ثابت ہو سکتی ہے۔ پولیس نے دیویندر کا بیان درج کرنے اور ان کی ویڈیو کو ثبوت کے طور پر شامل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ میگھالیہ پولیس اب تمام ملزمان کا آمنہ سامنا کرانے اور کرائم سین کو مزید گہرائی سے ری-کریئٹ کرنے کی تیاری میں ہے۔
یہ قتل کیس پورے ملک کو ہلا کر رکھ چکا ہے، اور راجا کے خاندان نے سونم کے لیے سزائے موت کا مطالبہ کیا ہے۔