راج کندرا کی مشکلات میں اضافہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-09-2025
راج کندرا کی مشکلات میں اضافہ
راج کندرا کی مشکلات میں اضافہ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
بزنس مین اور بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ دراصل اکنامک آفنس ونگ (ای او ڈبلیو) نے انہیں 60.48 کروڑ روپے کے فراڈ معاملے میں سمن بھیجا ہے۔ محکمے نے انہیں اس مہینے کی 15 تاریخ کو اس معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے پیش ہونے کو کہا ہے۔ راج کندرا کو اس سے پہلے 10 ستمبر کو پیش ہونا تھا لیکن انہوں نے حاضری کے لیے وقت مانگا تھا۔
اسی دوران ای او ڈبلیو نے شلپا شیٹی اور راج کندرا کے خلاف لوک آؤٹ سرکولر (ایل او سی) بھی جاری کر دیا ہے تاکہ وہ ملک نہ چھوڑ سکیں۔ اس معاملے میں ذرائع سے مل رہی معلومات کے مطابق این سی ایل ٹی کے آڈیٹر کو بھی پوچھ گچھ کے لیے سمن بھیجا گیا ہے۔
آخر کیا ہے پورا معاملہ؟
اس معاملے میں جوہو پولیس تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ شکایت کنندہ دیپک کوٹھاری جو لوٹس کیپیٹل فائنینشل سروسز کے ڈائریکٹر ہیں، نے الزام لگایا ہے کہ 2015 سے 2023 کے درمیان انہوں نے 60.48 کروڑ روپے شلپا-راج کی کمپنی بیسٹ ڈیل ٹی وی پرائیویٹ لمیٹڈ میں کاروبار بڑھانے کے نام پر لگائے تھے۔ کوٹھاری کا الزام ہے کہ یہ پیسہ کاروبار میں لگانے کے بجائے شلپا اور راج نے اپنے ذاتی استعمال میں اڑا دیا۔
الزام کیا ہے؟
دیپک کوٹھاری کا الزام ہے کہ 2015 سے 2023 کے دوران شلپا اور راج نے کاروبار بڑھانے کے نام پر ان سے 60 کروڑ روپے لیے۔ یہ رقم بیسٹ ڈیل ٹی وی پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کمپنی کے ذریعے لی گئی تھی۔ شروع میں اسے قرض کہہ کر پیسہ مانگا گیا، لیکن بعد میں ٹیکس بچانے کے بہانے اسے سرمایہ کاری (انویسٹمنٹ) کے طور پر دکھایا گیا۔ کوٹھاری کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ طے شدہ وقت میں 12 فیصد سالانہ سود کے ساتھ پیسے واپس کر دیے جائیں گے۔
بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی نے اپریل 2016 میں تحریری طور پر ذاتی گارنٹی بھی دی تھی۔ لیکن چند ہی مہینوں میں شلپا نے کمپنی کے ڈائریکٹر عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور بعد میں پتہ چلا کہ کمپنی پر 1.28 کروڑ کا انسولوینسی کیس چل رہا ہے۔ تاجر کا دعویٰ ہے کہ انہیں اس کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ اس معاملے میں الزام ہے کہ کمپنی کے نام پر لیے گئے پیسے ذاتی اخراجات میں اڑائے گئے۔
شکایت کنندہ کا موقف
دیپک کوٹھاری کے وکیل جین شروف کا کہنا ہے کہ ان کے مؤکل نے مکمل ثبوتوں کے ساتھ سرمایہ کاری کی تھی۔ کمپنی نے دیوالیہ ہو کر انہیں گمراہ کیا اور پیسہ ذاتی استعمال میں لگایا۔ شلپا شیٹی کے وکیل پرشانت پاٹیل نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شکایت کنندہ خود کمپنی میں پارٹنر تھے، ان کے بیٹے کو ڈائریکٹر بنایا گیا تھا اور یہ ایکویٹی ایگریمنٹ تھا، یعنی نفع و نقصان دونوں ہی شراکت داروں میں تقسیم ہوتے۔ ذاتی گارنٹی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگر ایسا کوئی دستاویز ہے تو عدالت میں پیش ہوگا اور وہیں اس کا فیصلہ ہوگا۔