ممبئی: مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے صدر راج ٹھاکرے اور شیو سینا (یو بی ٹی) کے صدر ادھو ٹھاکرے نے بیس سال بعد ایک ساتھ اسٹیج پر آ کر سیاست میں تہلکہ مچا دیا۔ دونوں بھائیوں کی مشترکہ ریلی کو مہاراشٹر کی سیاست میں ایک تاریخی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ریلی میں خطاب کرتے ہوئے راج ٹھاکرے نے کہا: میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ میرا مہاراشٹر کسی بھی سیاست یا ذاتی لڑائی سے بڑا ہے۔ آج 20 سال بعد ہم دونوں بھائی ساتھ آئے ہیں، جو کام بالا صاحب نہیں کر پائے، وہ کام دیویندر فڈنویس نے کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا: اگر کوئی مہاراشٹر کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھے گا، تو اس کا سامنا ہم سے ہوگا۔
کسی کو کچھ پوچھے بغیر، صرف اقتدار کے بل پر فیصلے لینا ٹھیک نہیں۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ہماری دوریاں مٹانے کا کام مراتی زبان اور عوام نے کیا ہے، جو سب کو اچھا لگ رہا ہے۔ آج ہم نے سیاست سے بالاتر ہوکر اتحاد کی مثال پیش کی ہے۔ سب کی نظریں ہمارے اس اتحاد پر ہیں۔
شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے خطاب کیا اور کہا: "ہم ایک ساتھ آئے ہیں، اور ہم ساتھ رہیں گے۔ ہم ساتھ رہنے کے لیے ہی ایک ہوئے ہیں۔" "ہم دونوں کا ایک ساتھ آنا، ہمارے بیانات سے زیادہ اہم ہے" اُدھو ٹھاکرے نے مزید کہا: "جب سے ہم نے اس پروگرام کا اعلان کیا تھا، تب سے سب لوگ ہمارے آج کے بیانات کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ لیکن میرے خیال میں، ہمارا ایک ساتھ آنا اور یہ اسٹیج ہمارے بیانات سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ راج ٹھاکرے پہلے ہی بہت شاندار خطاب کر چکے ہیں، اور مجھے لگتا ہے کہ اب میرے بولنے کی کوئی خاص ضرورت نہیں۔" ۔
شیو سینا (یو بی ٹی) کے لیڈر آنند دوبے نے اس موقع پر کہا: یہ کئی برسوں بعد آیا ہوا ایک سنہرا وقت ہے، جہاں دو ٹھاکرے، جو مہاراشٹر کی پہچان ہیں، سیاست کے لیے نہیں بلکہ مہاراشٹر کے وقار کے لیے ایک ہو رہے ہیں۔ بی جے پی مہاراشٹر میں رہ کر جے گجرات کہتی ہے، لیکن ایسا نہیں چلے گا۔
شیو سینا لیڈر اروند ساونت نے ریلی کو اتحاد کی علامت قرار دیتے ہوئے بی جے پی پر حملہ کیا: بی جے پی نے ملک میں اقتدار میں آنے کے بعد تقسیم کا ماحول بنایا۔ آج یہ ریلی جوڑنے کی علامت ہے۔ ہر ریاست کی اپنی شناخت ہوتی ہے، اس کی توہین نہیں ہونی چاہیے۔ اگرچہ یہ ریلی حکومت کے اُس فیصلے کے خلاف تھی جس میں جماعت 1 سے 5 تک مراتی اور انگریزی کے ساتھ ہندی کو بھی لازمی کیا گیا تھا، لیکن کانگریس نے اس ریلی سے خود کو دور رکھا۔
کانگریس نے کہا کہ وہ ادھو اور راج کے ذاتی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی۔ این سی پی-ایس پی کی لیڈر سپریا سولے نے بھی اس ریلی میں شرکت کی، جو سیاسی اتحاد کے پھیلاؤ کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ بی جے پی ایم ایل اے روی رانا نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ادھو ٹھاکرے نے پہلے بی جے پی کو دھوکہ دیا، اب راج ٹھاکرے کو بھی دھوکہ دیں گے۔
ریلی سے قبل یہ قیاس بھی لگایا جا رہا تھا کہ ادھو اور راج ٹھاکرے اپنے والد بالا صاحب ٹھاکرے کی سمادھی پر جا سکتے ہیں، تاکہ اپنی یکجہتی کا مظاہرہ مزید مضبوط کیا جا سکے۔ یہ ریلی نہ صرف مہاراشٹر کی سیاست میں ایک نیا باب کھول رہی ہے بلکہ مقامی شناخت، زبان اور ثقافت کی حفاظت کے لیے ایک وسیع اتحاد کی صورت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ ادھو اور راج کا ایک ہونا صرف ذاتی میل جول نہیں بلکہ ریاستی خودداری کا نعرہ ہے، جو بی جے پی کی مرکزیت پسندی کے خلاف ایک مضبوط پیغام بن کر ابھر رہا ہے۔