شملہ/ آواز دی وائس
ہماچل پردیش میں رات بھر ہوئی موسلا دھار بارش کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈ کے واقعات پیش آئے، جن میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہو گئے اور منڈی میں ایک بس اڈہ پانی میں ڈوب گیا۔ حکام نے بتایا کہ منڈی ضلع کے سندر نگر سب ڈویژن کے نہری علاقے کی بوی پنچایت میں لینڈ سلائیڈ کے بعد ایک مکان گرنے سے تینوں افراد کی موت ہو گئی۔
منڈی کے ڈپٹی کمشنر اپورو دیوگن نے ’پی ٹی آئی-بھاشا‘ کو بتایا کہ تینوں لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ دو دیگر لوگوں کو بچا لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق بارش کی وجہ سے منڈی ضلع کے دھرَم پور میں سون اور بھارَند نالوں میں سیلاب آ گیا، جس سے ایک بس اڈے میں پانی بھر گیا۔ اس واقعے میں ایک ورکشاپ، پمپ ہاؤس، دکانوں اور 20 سے زیادہ بسوں کو نقصان پہنچا۔
نائب وزیر اعلیٰ مکیش اگنیہوتری نے اپنے فیس بک پوسٹ میں کہا کہ دھرَم پور بس اڈہ، دو درجن سے زیادہ ایچ آر ٹی سی بسوں، دکانوں، پمپ ہاؤس اور کچھ ورکشاپس کو نقصان پہنچا ہے۔
شملہ میں شہر کے وسط میں ہملینڈ کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی گاڑیاں ملبے میں دب گئیں اور مرکزی سرکلر روڈ بند ہو گیا، جس سے اسکول جانے والے بچوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ہملینڈ کے قریب اپنی گاڑی میں سو رہے گوتم اور راہل شکلا نے بتایا کہ رات تقریباً ایک بجے زور دار بارش ہو رہی تھی، تب ہی ہم نے ملبہ گرنے کی تیز آواز سنی اور فوراً اپنی گاڑیاں وہاں سے ہٹا لیں۔