مہاراشٹر : بارش سے 24 گھنٹوں میں 3 افراد کی موت

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 16-09-2025
مہاراشٹر : بارش سے  24 گھنٹوں میں 3 افراد کی موت
مہاراشٹر : بارش سے 24 گھنٹوں میں 3 افراد کی موت

 



ممبئی/ آواز دی وائس
 مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں موسلادھار بارش کے باعث تین افراد ہلاک ہوگئے اور 120 سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔ ریاستی آفاتِ انتظامیہ محکمے نے منگل کو یہ اطلاع دی۔
محکمے نے  بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور دیگر ریسکیو ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں لوگوں کو نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچانے میں مصروف ہیں۔ مراٹھواڑہ کے آٹھ میں سے پانچ اضلاع میں پیر کو بھاری بارش ہوئی، جن میں بیڑ میں سب سے زیادہ 143.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے بعد ناندیڑ میں 131.6 ملی میٹر اور جالنا میں 121.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔ یہ اعداد و شمار منگل کی صبح ختم ہونے والے 24 گھنٹے کے ہیں۔
ندی نالے اُبل رہے ہیں اور نچلے علاقوں میں سیلاب آ گیا ہے، جس سے عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ان حالات سے بیڑ اور اہلیہ نگر سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق ان علاقوں میں بچاؤ اور راحتی مہم چلائی گئی اور 120 سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ این ڈی آر ایف نے مقامی انتظامیہ کو لوگوں کے انخلا اور ہنگامی راحت کے کاموں میں مدد کے لیے ریاست بھر میں 12 ٹیمیں تعینات کی ہیں۔ ریاستی ایجنسیاں اور ضلعی انتظامیہ نے بھی فائر بریگیڈ، پولیس یونٹس اور مقامی رضاکاروں کو تعینات کیا ہے۔
بیڑ ضلع میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارش سے متعلق واقعات میں دو افراد کی موت ہو گئی جبکہ ناگپور میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ ایک افسر نے بتایا کہ چھترپتی سنبھاجی نگر، جالنا، بیڑ اور ناندیڑ کے کم از کم 41 ریونیو منڈلوں میں پیر کو 65 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔