کیرالہ میں بارش کا قہر جاری، نظامِ زندگی متاثر

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 16-06-2025
کیرالہ میں بارش کا قہر جاری، نظامِ زندگی متاثر
کیرالہ میں بارش کا قہر جاری، نظامِ زندگی متاثر

 



ترواننت پورم/ آواز دی وائس
کیرالہ میں موسلادھار مانسونی بارش نے پیر کو بھی شدید تباہی مچائی، جس کے سبب سڑک اور ریل نقل و حمل سمیت عام زندگی بری طرح متاثر ہو گئی۔ بارش کا سب سے زیادہ اثر ریاست کے شمالی اضلاع میں دیکھا گیا، جہاں دریاؤں اور دیگر آبی ذخائر میں پانی کی سطح تیزی سے بڑھ گئی ہے۔
کنّور اور کاسرگوڈ سمیت کئی اضلاع میں سیلابی پانی گھروں میں داخل ہو گیا، جس کے بعد متعدد رہائشیوں کو راحت کیمپوں میں منتقل کیا گیا۔کنّور میں اتوار کی شام سے لوگوں کو گھٹنوں تک پانی میں چل کر محفوظ مقامات کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
ایک مقامی رہائشی نے بتایا کہ بچوں اور بزرگوں کو پہلے ہی رشتہ داروں کے گھروں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ہم خود آس پاس کے ایک کھلے راحت کیمپ میں جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے بعد پیدا ہونے والی آبی بھراؤ کی صورت حال نے جینا دوبھر کر دیا ہے۔ پانی بھرنے کی وجہ سے بچے اسکول اور دیگر لوگ اپنے کام پر نہیں جا پا رہے ہیں۔
کنّور کے ککڑ علاقے میں مین سڑک پوری طرح پانی میں ڈوب گئی ہے، جس سے ٹریفک مکمل طور پر بند ہو گیا ہے۔ کاسرگوڈ میں تیجسونی، پُوجا سمیت اہم ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں، جس کے پیش نظر حکام نے لوگوں کو آبی ذخائر کی طرف جانے سے باز رہنے کی سخت ہدایت دی ہے۔ حکام نے بتایا کہ ضلع کے ویلاریکنڈ علاقے میں کم از کم 10 خاندانوں کو راحت کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ پتنمتھٹّا ضلع میں اتوار کی شام شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ایک درخت جڑ سے اکھڑ کر ملایالاپُژا میں ایک مکان پر جا گرا، جس میں رہنے والا ایک شخص زخمی ہو گیا۔
ریاست میں شدید بارش کی وجہ سے ریل خدمات بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق، وینّاڈ اور مالابار ایکسپریس سمیت کئی مسافر ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، کیرالہ میں سرگرم جنوب مغربی مانسون کی وجہ سے ریاست بھر اور لکشدیپ میں وسیع پیمانے پر بارش ہو رہی ہے۔ آئی ایم ڈی نے بتایا کہ آئندہ چند گھنٹوں میں ترواننت پورم، ایرناکولم، ترشور، پلکّاڈ، مالاپورم، کوژیکوڈ، وایناڈ، کنّور اور کاسرگوڈ اضلاع کے بعض علاقوں میں درمیانی درجے کی بارش اور 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کا امکان ہے۔