دہرادون / آواز دی وائس
اتراکھنڈ کے کئی مقامات پر پیر کو بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ ریاست میں دھرالی اور تھرالی سمیت دیگر آفت زدہ مقامات پر راحت و بچاؤ مہم چلتی رہی۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی اضلاع میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے "اورنج الرٹ" جاری کیا تھا، جس کے پیشِ نظر دہرادون، اترکاشی، نینی تال اور چمولی سمیت کئی اضلاع کے اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔
رک رک کر مسلسل ہو رہی بارش کے درمیان اترکاشی ضلع کے آفت زدہ دھرالی اور چمولی ضلع کے تھرالی میں فوج، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، ہندوستان تبت سرحدی پولیس کے علاوہ ریاستی حکومت کی مختلف ایجنسیوں کی جانب سے تلاش اور راحت مہم جاری ہے۔
ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ایس ای او سی) نے بتایا کہ دھرالی کے متاثرہ علاقوں میں روزانہ کئی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے راشن اور دیگر ضروری سامان پہنچایا جا رہا ہے، تاہم پیر کو خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر پرواز نہ کر سکے۔
ایس ای او سی نے بتایا کہ بارش کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اترکاشی ضلع انتظامیہ کو 15 دن کے راشن کا ذخیرہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ دھرالی میں 5 اگست کو خیرگڑ برساتی نالے میں آئی بھیانک طغیانی سے تقریباً آدھا گاؤں تباہ ہو گیا تھا۔
ہرسل میں بھاگیرتھی ندی کے بہاؤ کے رکنے سے بنی جھیل سے پانی کی نکاسی ہو رہی ہے، لیکن نکاسی کی مقدار بڑھانے کے لیے فوج، ضلعی انتظامیہ اور ایس ڈی آر ایف جے سی بی مشینوں کے ذریعے کوششیں کر رہے ہیں۔
ایس ای او سی نے بتایا کہ ہرسل۔دھرالی راستے کے 150 سے 200 میٹر حصے میں اب بھی پانی بھرا ہوا ہے، جہاں فوج "ہیسکو باکس" لگا کر ایک متبادل پیدل راستہ بنا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اتوار کی شام ہرسل میں فوجی کیمپ کے سامنے واقع تیلی گڑھ برساتی نالے میں بارش کے باعث پانی کا بہاؤ بڑھ گیا، جس کے بعد فوجی جوانوں اور وہاں کام کر رہی دیگر ایجنسیوں کے اہلکاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
رات میں بھی تیلی گڑھ نالے سے بھاری مقدار میں پانی اور ملبہ آیا جسے دیکھتے ہوئے انتظامیہ کو ڈرون کے ذریعے اوپری علاقوں کا فوری سروے کرنے اور حفاظتی اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی گئی۔ دوسری جانب، اترکاشی ضلع کے بڑکوٹ علاقے میں یمنوتری نیشنل ہائی وے پر سیاناچھٹی میں جمنا ندی پر بنی جھیل سے مسلسل پانی نکالا جا رہا ہے اور فی الحال پانی کی سطح پل سے تقریباً تین فٹ نیچے ہے۔
۔21 اگست کی شام کو بھاری بارش کے دوران گڑھ گڑھ برساتی نالے سے آئے ملبے نے سیاناچھٹی میں جمنا کے بہاؤ کو روک دیا تھا جس سے ایک عارضی جھیل بن گئی، کئی ہوٹل اور مکان ڈوب گئے اور پل کا کچھ حصہ بھی زیرِ آب آ گیا تھا۔
ایس ای او سی کے مطابق پل پر آمد و رفت بحال ہو چکی ہے اور جھیل سے پانی کو قابو میں رکھتے ہوئے نکالا جا رہا ہے، تاہم گڑھ گڑھ نالے سے اب بھی پانی اور ملبہ آ رہا ہے۔
جھیل سے متاثرہ لوگوں کے کھانے اور قیام کا انتظام انتظامیہ نے کیا ہے۔
یمنوتری ہائی وے جگہ جگہ ملبہ آنے اور سڑک دھنسنے کی وجہ سے گزشتہ چار دن سے بند ہے۔ نیشنل ہائی وے کے ایگزیکٹو انجینئر منوج راوت نے کہا کہ بار بار بھوسکھلن (لینڈ سلائیڈ) ہونے کی وجہ سے راستہ کھولنے میں مشکل پیش آ رہی ہے، لیکن اسے جلد درست کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
اسی دوران گنگوتری ہائی وے پر نلونا کے قریب بھاری بھوسکھلن سے راستہ بند ہو گیا۔ حکام نے بتایا کہ مسلسل بھوسکھلن کے باعث حفاظتی نقطۂ نظر سے پولیس نے دونوں طرف بیریکیڈ لگا کر ٹریفک روک دیا ہے۔ایس ای او سی کے مطابق، چمولی ضلع کے تھرالی میں جمعہ نصف شب کے بعد بھاری بارش کے باعث ٹونری گڑھ میں آئی طغیانی اور ملبے سے متاثر خاندانوں کے لیے تین ریلیف کیمپ بنائے گئے ہیں۔
ان میں رہنے والے 83 افراد کے لیے انتظامیہ نے کھانے اور دیگر ضروری اشیاء کا انتظام کیا ہے۔ متاثرہ علاقے میں ملبہ صاف کرنے کا کام جنگی پیمانے پر کیا جا رہا ہے۔ چمولی کے ضلع مجسٹریٹ سندیپ تیواری نے بتایا کہ تھرالی میں آفت سے متاثرہ سڑکوں کو تقریباً درست کر دیا گیا ہے اور جلد ہی تمام بنیادی سہولیات کو بحال کر دیا جائے گا۔
پتھوراگڑھ ضلع کے دیوات گاؤں میں اتوار رات شدید بارش کے بعد دوبارہ پہاڑ سے بڑے پتھر گرنے لگے، جس کے باعث تقریباً 79 خاندانوں کو وہاں سے ہٹا کر محفوظ مقامات پر لے جایا گیا۔
پتھوراگڑھ کے ضلع مجسٹریٹ وِنوَد گوسوامی نے کہا کہ پہاڑ سے بڑے بڑے پتھر گرنے کی وجہ سے گاؤں والوں کو قریب ہی دو شادی ہالز میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ پہاڑ کے اوپری حصے کو مستحکم کرنے کی کوشش کرے گی۔
گزشتہ ہفتے اسی جگہ ایک مکان پر بھاری پتھر گرنے سے ایک 12 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا تھا اور اس کے خاندان کے چار دیگر افراد زخمی ہو گئے تھے۔