ان 9 ریاستوں میں بارش کا الرٹ جاری

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-09-2025
ان 9 ریاستوں میں بارش کا الرٹ جاری
ان 9 ریاستوں میں بارش کا الرٹ جاری

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
موسلا دھار بارش نے پوری دنیا میں ہاہاکار مچا دیا ہے۔ دارالحکومت دہلی سمیت شمالی ہندوستان کے زیادہ تر اضلاع میں بارش آفت بن کر برس رہی ہے۔ جموں و کشمیر، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش کے پہاڑی علاقوں میں بھاری بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ (زمین کھسکنے) کے واقعات پیش آ رہے ہیں، جبکہ دہلی سمیت کئی مقامات پر سیلاب کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔
موسم محکمہ نے پیر کو کئی ریاستوں میں بھاری بارش کا الرٹ جاری کیا تھا۔ تیز بارش کے ساتھ آندھی طوفان، بادل گرجنے اور بجلی گرنے کا یہ سلسلہ منگل کو بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔
۔24 گھنٹوں میں تیز بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق، خلیج بنگال میں کم دباؤ کا علاقہ بن رہا ہے، جس کی وجہ سے آئندہ 24 گھنٹوں میں شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ خاص طور پر جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کو بارش سے کسی طرح کی راحت ملنے کے آثار نہیں ہیں۔
ہماچل-اتراکھنڈ میں الرٹ جاری
ہماچل پردیش کے منڈی، کانگڑا، اونا، بیلاسپور، سرمور اور کنور کے علاوہ اتراکھنڈ کے دہرادون، اترکاشی، نینی تال، پؤڑی، گڑھوال، ٹہری گڑھوال، باگیشور، چمولی، پتھورا گڑھ، رودر پریاگ اور چمپاوت میں بھاری سے بہت بھاری بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔
کونکن کے ساحل پر جھما جھم بارش
محکمہ موسمیات نے مہاراشٹر، گوا سمیت کونکن کے ساحلی علاقوں میں بھاری سے بہت بھاری بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ 5 ستمبر تک بارش کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ وہیں، 4 سے 6 ستمبر کے درمیان گجرات کے سوراشٹر اور کَچھ میں بھی بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
یوپی-بہار کے کئی اضلاع میں وارننگ
یوپی اور بہار کے کئی اضلاع میں بھاری بارش کا الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ مغربی یوپی کے متھرا، آگرہ، میرٹھ، بگھپت، شاملی، سہارنپور، سنبھل، بدایوں اور ایٹہ کے ساتھ ساتھ آس پاس کے علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے۔
دہلی این سی آر میں اسکول بند
دہلی این سی آر میں آج آندھی اور طوفان کے ساتھ تیز بارش ہونے کی پیش گوئی ہے۔ آئی ایم ڈی نے دارالحکومت میں اورنج الرٹ جاری کیا ہے، جس کے بعد دہلی، نوئیڈا اور غازی آباد میں انتظامیہ نے نرسری سے 12ویں جماعت تک کے اسکول بند رکھنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ہتھنی کنڈ بند کھلنے اور موسلا دھار بارش کے باعث جمنا دریا بھی پوری طرح سے طغیانی پر ہے، جس سے جمنا بازار علاقے میں سیلاب جیسے حالات بن گئے ہیں۔