نئی دہلی: ریلوے وزیر نے ریلوے ریفارم پلان 2026 کے تحت 52 ہفتوں میں 52 اصلاحات نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ہفتہ کے روز انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ٹرینوں کی صفائی کو ترجیح دی جائے گی اور اس مقصد کے لیے تمام کوچز میں وسیع صفائی مہم چلائی جائے گی۔ ریلوے وزیر کے مطابق منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں ہر زون کی 4 سے 5 ٹرینوں کو شامل کیا جائے گا۔
اس کے بعد مرحلہ وار تقریباً 80 طویل فاصلے کی ٹرینوں کے اے سی کوچز کے ساتھ ساتھ جنرل کوچز میں بھی صفائی کا نظام نافذ کیا جائے گا۔ اس دوران ٹوائلٹس، ڈسٹ بن اور کوچز کی مکمل صفائی کے ساتھ کسی بھی تکنیکی یا میکینیکل خرابی کی بھی جانچ کی جائے گی۔ رش کے اوقات میں صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اضافی عملہ تعینات کیا جائے گا۔
صفائی کی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا اور اے آئی پر مبنی تصاویر کنٹرول روم کو بھیجی جائیں گی تاکہ ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو سکے۔ اگر صفائی کے معیار میں کمی پائی گئی تو متعلقہ وینڈر کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جبکہ بہتر کارکردگی دکھانے والے وینڈرز کو ہی آئندہ کنٹریکٹس دیے جائیں گے۔ ریلوے وزیر نے واضح کیا کہ اس نظام کے نفاذ سے ریلوے پر اضافی اخراجات آئیں گے، تاہم مسافروں کے کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
ضرورت کے مطابق اضافی ملازمین بھی بھرتی کیے جائیں گے۔ طویل فاصلے کی ٹرینوں کے تمام کوچز میں ہر گھنٹے صفائی کی جائے گی۔ اس مہم کے تحت ایک مربوط (انٹیگریٹڈ) نظام بھی نصب کیا جائے گا جس سے کوچز کی صفائی کی نگرانی بہتر انداز میں کی جا سکے گی۔ اگر کسی اسٹیشن پر جنرل کوچ مربوط نظام سے منسلک نہ ہو تو عملہ اتر کر دستی طور پر صفائی کرے گا۔ اس مقصد کے لیے روٹ کی بنیاد پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی جو مقررہ روٹس پر مسلسل کام کریں گی۔