سرینگر/ آواز دی وائس
جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو مرکزی ریلوے وزیر اشونی ویشنو سے اپیل کی کہ وادی میں ضروری اشیاء کی ترسیل اور ملک کی بڑی منڈیوں (ہول سیل بازار) تک پھل پہنچانے کے لیے کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں کے درمیان خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں۔
مسلسل بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے جموں۔سرینگر قومی شاہراہ بند کر دی گئی ہے، جس کے باعث باغبانی کی پیداوار لے جانے والے سیکڑوں ٹرک پھنس گئے ہیں۔ عبداللہ نے یہاں اپنے نجی دفتر کے باہر نامہ نگاروں سے کہا کہ ہمارے ریلوے ٹریک کھلے ہیں۔ میں ریلوے وزیر سے گزارش کروں گا کہ اگر کشمیر میں ضروری سپلائی لانے اور یہاں سے پھل لے جانے کے لیے دو چار خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں تو عوام کو کچھ راحت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو سیلاب اور اس کے بعد مختلف اسباب سے نقصان پہنچا ہے اور انہیں امید ہے کہ مرکز ان نقصانات کی تلافی کرے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کشتواڑ میں کئی جانیں ضائع ہوئی ہیں، رہائشی مکانات اور دکانیں تباہ ہوئی ہیں، سرکاری ڈھانچے کو بھی سیلاب سے نقصان پہنچا ہے۔ بارش سے پھلوں کو نقصان نہیں ہوا، لیکن شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے وہ ٹرکوں میں سڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تباہ کن سیلاب کے پیش نظر صورتحال کا براہِ راست جائزہ لینے کے لیے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے دورہ کیا تھا اور اس دورے کے بعد نقصان کا تخمینہ لگانے کے مقصد سے ایک بین الوزارتی مرکزی ٹیم جموں و کشمیر آئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے یہاں پورا دن گزارا۔ ایسا نہیں ہے کہ یہاں کوئی نہیں آیا... ہم امید کرتے ہیں کہ سیلاب سے ہوئے نقصان کے لیے ہمیں معاوضہ دیا جائے گا۔
عام آدمی پارٹی کے ممبر اسمبلی مہراج ملک کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ لگائے جانے کے بارے میں پوچھے جانے پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ غیر ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اب انہوں نے ایسا کیا کیا کہ ان پر پی ایس اے لگا دیا گیا؟ میں یہ سمجھ نہیں پا رہا ہوں کہ اتنا سخت قانون کیوں لگایا گیا، انہوں نے کیا کیا؟ کیا امن و قانون کا کوئی مسئلہ تھا؟ کیا کہیں پتھراؤ ہوا تھا؟ اگر ممبر اسمبلی نے کوئی غلطی کی تھی، تو اسے اسمبلی اسپیکر کی نگرانی میں درست کیا جا سکتا ہے۔
عبداللہ نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے 13 جولائی کو لیڈروں کو حراست میں لے کر بھی غلطی کی۔ انہوں نے 1931 کو مہاراجہ ہری سنگھ کی فوج کے ہاتھوں مارے گئے لوگوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے شہداء کے قبرستان تک پہنچنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 14 جولائی کو انہوں نے میرے ساتھ بدسلوکی کرنے کے لیے پولیس کا استعمال کرکے ایک اور غلطی کی۔