پنجاب میں کسانوں کے ’ریل روکو آندولن‘ سے جموں میں ریل خدمات متاثر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-12-2021
پنجاب میں کسانوں کے ’ریل روکو آندولن‘ سے جموں میں ریل خدمات متاثر
پنجاب میں کسانوں کے ’ریل روکو آندولن‘ سے جموں میں ریل خدمات متاثر

 

 

جموں: پنجاب میں کسانوں کے ’ریل روکو آندولن‘ سے یہاں جموں میں منگل کے روز ریل خدمات متاثر ہوئی ہیں۔

بتادیں کہ پنجاب کے امرتسر میں کسان مزدور سنگھرش کمیٹی (کے ایم ایس سی) نے پیر کے روز کسانوں کے بینک قرضہ معاف کرنے اور زرعی قوانین کی منسوخی کی تحریک کے دوران جان بحق ہونے والوں کے لواحقین کو معاضہ اور نوکریاں دینے کے مطالبات کو لے کر منگل کے روز ’ریل روکو آندولن‘ شروع کیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ احتجاجی کسانوں نے جموں- جالندھر سیکشن کے ریل ٹریفک کو بند کر دیا جس کے نتیجے میں جموں، کٹرہ اور اودھم پور ریلوے اسٹیشنوں پر 16 ٹرینوں کو منسوخ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹرینوں کی اس اچانک منسوخی کے باعث اسٹیشنوں پر انتظار کرنے والے مسافروں کو گوناگوں مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

ایک ریلوے عہدیدار نے کہا کہ جموں سے وارانسی جانے والی بیگم پور ایکسپریس،اجمیر جانے والی پوجا ایکسپریس، دلی جانے والی ڈورنٹو ایکسپریس کے علاوہ کلکتہ، احمد آباد جانے والی راجدھانی ایکسپریس، جیسلمار جانے والی شالیمار ایکسپریس اور پونے جانے والی جہلم ایکسپریس وغیرہ کو منگل کے روز منسوخ کیا گیا۔