ریل رابطہ میزورم میں سیاحت کو فروغ دے گا

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-09-2025
ریل رابطہ میزورم میں سیاحت کو فروغ دے گا
ریل رابطہ میزورم میں سیاحت کو فروغ دے گا

 



میزورم / آواز دی وائس
نیلی پہاڑیوں کی سرزمین" کہلانے والے میزورم کو مغربی بنگال کے دارالحکومت کلکتہ سے جوڑنے کے لیے 13 ستمبر کو میزورم کے سیرانگ اور کلکتہ کے درمیان ایک نئی ایکسپریس ٹرین سروس شروع کی جا رہی ہے، جس سے اس شمال مشرقی ریاست کے سیاحت کے شعبے کو فروغ ملے گا۔
شمال مشرقی سرحدی ریلوے کے ایک افسر نے بتایا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی اس ٹرین کے علاوہ آنند وہار تک ایک ہفتہ وار راجدھانی ایکسپریس اور گوہاٹی تک ایک روزانہ چلنے والی ایکسپریس کو بھی ہری جھنڈی دکھا کر سیرانگ سے 13 ستمبر کو روانہ کریں گے۔ اس کے بعد میزورم کا دارالحکومت آیزول ہندوستانی ریل کے نقشے پر آ جائے گا۔ مشرقی ریلوے کے ایک افسر نے  بتایا کہ "کلکتہ سیرانگ کلکتہ ایکسپریس" ایک ہفتے میں تین دن چلنے والی سروس ہوگی جو میزورم اور مغربی بنگال کے درمیان اہم رابطہ فراہم کرے گی۔
میزورم کے وزیرِ اعلیٰ لالدُوہوما نے کہا کہ وزیرِ اعظم 13 ستمبر کو 51.28 کلومیٹر طویل بیرا بی–سیرانگ ریلوے لائن کا افتتاح کریں گے۔ یہ ریلوے لائن دارالحکومت آیزول کے نزدیک سیرانگ کو جوڑتی ہے، جس سے آیزول اب براہِ راست ریل نیٹ ورک سے جڑ جائے گا۔
ریلوے کے ایک افسر نے بتایا کہ میزورم کے پہاڑی علاقوں میں ریل رابطہ قائم کرنا ایک بڑی چیلنج تھا لیکن اسے منصوبہ بندی اور احتیاط سے مکمل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی 'ایکٹ ایسٹ' پالیسی کے تحت قدرتی خوبصورتی سے بھرپور شمال مشرقی ریاست میزورم جو طویل عرصے سے دشوار جغرافیائی حالات کی وجہ سے ریل سروس سے محروم تھی، اب بیرا بی–سیرانگ ریلوے لائن کے ذریعے دارالحکومت آیزول سے براہِ راست ریل کنکشن حاصل کر چکی ہے۔"
انہوں نے بتایا کہ اس 51.38 کلومیٹر لمبی ریلوے لائن کی تعمیر تقریباً 8,071 کروڑ روپے کی لاگت سے کی گئی ہے۔ یہ راستہ 48 سرنگوں، 55 بڑے پلوں، 87 چھوٹے پلوں، 5 روڈ اوور برج اور 6 روڈ انڈر برج سے گزرتا ہے۔
افسر نے بتایا کہ ان میں سے ایک پل کی اونچائی 114 میٹر ہے، جو قطب مینار سے 42 میٹر زیادہ ہے اور اسے ایک اہم تکنیکی کامیابی بناتی ہے۔ ریلوے سرنگوں کو مقامی مِزو فن اور ثقافت کی جھلک دینے والی تصویروں اور سجاوٹ سے مزین کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ریل رابطے کا فائدہ کثیر الجہتی ہوگا جو نہ صرف سفر کو آسان بنائے گا بلکہ میزورم اور دیگر شمال مشرقی ریاستوں میں سیاحت، کاروبار اور سماجی و معاشی ترقی کو بھی فروغ دے گا۔
افسر نے مزید کہا کہ یہ ریل سروس نہ صرف ریاست کے اندر اور دیگر ریاستوں کے درمیان آمد و رفت کو آسان بنائے گی بلکہ بین الریاستی اور بین الاقوامی (سرحدی علاقوں) نقل و حرکت کے لیے بھی اہم ہوگی، جو علاقائی اور قومی سطح پر سماجی و اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہوگی۔
فی الحال کلکتہ اور آیزول کے درمیان صرف ہوائی اور سڑک کے راستے سے رابطہ موجود ہے۔ سیاحت کے تحفظ کی تنظیم کے کنوینر راج باسو نے "پی ٹی آئی-بھاشا" سے گفتگو میں کہا کہ میزورم میں ریل کنکشن کی سب سے بڑی کامیابی اس کی بڑھتی ہوئی رسائی ہے، جو پہلے ایک بڑی رکاوٹ تھی۔
انہوں نے کہا کہ ریل کنکشن کے بعد اب بنگال سے زیادہ سے زیادہ سیاح میزورم کا رخ کریں گے کیونکہ بنگال کے لوگ سفر کے بہت شوقین ہوتے ہیں۔