نئی دہلی: ای ڈی نے منگل (18 نومبر) کی صبح دہلی کے اوکھلا میں واقع الفلاح ٹرسٹ اور فریدآباد کی الفلاح یونیورسٹی سے جڑے 24 مقامات پر چھاپے مارے۔ یہ کارروائی منی لانڈرنگ (PMLA) سے متعلق ایک معاملے کے تحت کی گئی ہے۔ ایجنسی کو شبہ ہے کہ یونیورسٹی، اس کے مالکان اور مینجمنٹ نے بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیاں کی ہیں، اسی لیے ان کے مقامات سے دستاویزات اور ڈیجیٹل شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، ای ڈی نے صبح اوکھلا میں الفلاح ٹرسٹ کے مرکزی دفتر، یونیورسٹی کیمپس اور مینجمنٹ سے منسلک افراد کے گھروں سمیت متعدد جگہوں پر ایک ساتھ چھاپے مارے۔ دہلی کے جامعہ نگر اور اوکھلا وہار سے لے کر فریدآباد کے سیکٹر 22 واقع یونیورسٹی کیمپس تک ای ڈی کی کئی ٹیمیں صبح سویرے سے ہی تعینات رہیں۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ الفلاح گروپ سے منسلک 9 کمپنیاں ایک ہی پتے پر رجسٹرڈ ہیں اور ابتدائی جانچ میں ان کے شیل کمپنیاں ہونے کے کئی شواہد ملے ہیں۔ دیا گیا پتہ پر نہ دفتر ملا، نہ بجلی یا پانی کے استعمال کا کوئی ریکارڈ۔ کئی کمپنیوں میں ایک ہی موبائل نمبر اور ای میل آئی ڈی استعمال کی گئی تھی، EPFO اور ESIC میں کوئی فائلنگ موجود نہیں تھی، جبکہ کاغذوں میں انہیں بڑی کمپنیاں ظاہر کیا گیا تھا۔
کئی کمپنیوں میں ایک ہی ڈائریکٹر اور سائنٹری پائے گئے، بینک اسٹیٹمنٹ میں تنخواہوں کی منتقلی بہت کم دیکھی گئی، اور HR سے متعلق دستاویزات دستیاب نہیں تھے۔ تقریباً تمام کمپنیاں ایک جیسے پیٹرن پر بنی تھیں اور ان کے رابطہ تفصیلات بھی ملتی جلتی تھیں۔ تحقیقات میں الفلاح گروپ کے UGC اور NAAC کی منظوری سے متعلق دعووں پر بھی سوالات اٹھے ہیں اور اب اس سلسلے میں متعلقہ اداروں سے معلومات طلب کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، ای ڈی نے موقع سے اہم دستاویزات، بینک ریکارڈ، لیپ ٹاپ، موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل آلات قبضے میں لے لیے ہیں۔ کارروائی جاری ہے اور شام تک مزید ٹھکانوں پر چھاپے مارے جانے کے امکانات ہیں۔ چھاپوں کے پیشِ نظر دہلی پولیس اور مقامی انتظامیہ نے متعلقہ علاقوں میں سکیورٹی بڑھا دی ہے۔
فی الحال کسی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہوئی، لیکن ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں بڑے انکشافات ممکن ہیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ کچھ ماہ پہلے ای ڈی نے الفلاح یونیورسٹی اور اس کے منتظمین کے خلاف PMLA کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ الزام ہے کہ یونیورسٹی اور ٹرسٹ کے نام پر کروڑوں روپے کی غیر قانونی فنڈنگ ہوئی، FCRA قوانین کی خلاف ورزی کی گئی، اور جائیدادوں کے غلط استعمال سے کالا دھن سفید کیا گیا۔