نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے منگل کو منی پور میں دو بچوں کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالات کے مکمل طور پر قابو سے باہر ہونے سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کو فوری اور ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔
منی پور کے بشنوپور ضلع میں مبینہ طور پر کوکی شدت پسندوں نے منگل کو بم حملہ کیا، جس میں دو بچوں کی موت ہو گئی جبکہ ان کی والدہ زخمی ہو گئیں۔ اس واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے احتجاج بھی کیا۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، "منی پور میں بی ایس ایف کے ایک جوان کے گھر میں سوتے ہوئے دو معصوم بچوں کا قتل دل کو چیر دینے والا ہے۔
منی پور میں تشدد کی جلتی آگ میں آج تین سال بعد بھی بے گناہ بچے جھلس رہے ہیں، اور امن کی کوئی امید نظر نہیں آتی۔" انہوں نے الزام لگایا، "مودی حکومت اتنی بے حس اور سنگدل ہو گئی ہے کہ شاید یہ بھول چکی ہے کہ منی پور کے بچے بھی اس ملک کے بچے ہیں، ہمارا مستقبل ہیں۔" لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف نے سوال اٹھایا، "یہ حکومت کب جاگے گی؟ آخر کب تک منی پور اپنے لوگوں کی لاشیں گن کر انتظار کرتا رہے گا؟
انہوں نے کہا،میں بار بار کہتا آیا ہوں کہ امن ہی واحد راستہ ہے۔ تمام برادریوں کو ساتھ لا کر اور حساسیت کے ساتھ ہی اس بحران کا مستقل حل نکالا جا سکتا ہے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا، وزیر اعظم جی، منی پور صرف ایک ریاست نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے۔ صرف بیان دینا یا رسمی دورہ کافی نہیں، آپ کو فوری اور ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے، اس سے پہلے کہ حالات مکمل طور پر قابو سے باہر ہو جائیں۔