نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے بدھ کو یہاں پارٹی کی مہاراشٹر یونٹ کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور ان سے پارٹی کے نظریے پر مضبوطی سے قائم رہنے کی اپیل کی۔ پارٹی کے ایک رہنما نے یہ اطلاع دی۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی آج صبح ناسک پہنچے تھے۔
پارٹی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ گاندھی نے ریاستی یونٹ کے سینئر رہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن عارف نسیم خان نے ’پی ٹی آئی ویڈیو‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مہاراشٹر کانگریس کے ضلعی صدور گزشتہ آٹھ سے دس دن سے تربیتی پروگرام میں حصہ لے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی بھی اس تربیتی پروگرام میں شریک ہوئے، جس کا اختتام بدھ کو ہوا۔ خان نے کہا، ’’راہل جی نے تمام نومنتخب ضلعی صدور اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے پیغام دیا کہ کانگریس کے نظریے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہیں اور لوگوں کو انصاف دلانے کے لیے جدوجہد کریں۔‘‘ اس سے قبل دن میں ناسک کی میئر ہماگوری آہیر اڈکے، بی جے پی کی دیگر خاتون رہنماؤں اور حامیوں نے راہل گاندھی کے دورے کے خلاف مارچ نکالا۔ انہوں نے کانگریس پر پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کی نمائندگی کی مخالفت کرنے کا الزام عائد کیا۔