راہل کی بات کا غلط مطلب نکالا گیا: پرینکا گاندھی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 05-08-2025
راہل کی بات کا غلط مطلب نکالا گیا: پرینکا گاندھی
راہل کی بات کا غلط مطلب نکالا گیا: پرینکا گاندھی

 



نئی دہلی: پارلیمنٹ میں مانسون سیشن جاری ہے۔ کانگریس سمیت پوری اپوزیشن کئی معاملات پر مودی حکومت پر حملہ آور ہے۔ اسی دوران منگل (5 اگست 2025) کو کانگریس کی جنرل سیکرٹری اور رکن پارلیمان پرینکا گاندھی کا سپریم کورٹ کے ایک تبصرہ پر بیان آیا ہے۔

کانگریس رہنما پرینکا گاندھی نے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی پر سپریم کورٹ کے تبصرے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا، معزز ججوں کا پورا احترام کرتے ہوئے میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ یہ وہ طے نہیں کرتے کہ ایک سچا ہندوستانی کون ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کام ہے کہ حکومت سے سوالات کرے، حکومت کو چیلنج کرے، یہ ان کی ذمہ داری ہے۔

کیرالا کی وایناد لوک سبھا سیٹ سے رکن پارلیمان پرینکا گاندھی نے کہا کہ میرے بھائی (راہل گاندھی) کبھی بھی فوج کے خلاف کچھ نہیں کہیں گے۔ وہ فوج کا بہت احترام کرتے ہیں۔ اس لیے، یہ ایک غلط تشریح ہے۔ راہل گاندھی کے (9 دسمبر 2022) ہندوستان اور چین کی افواج کے درمیان ہوئی جھڑپ سے متعلق دیے گئے بیانات پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی تھی۔

اس معاملے میں نچلی عدالت نے سمن جاری کیا تھا۔ ساتھ ہی دیگر زیر التوا معاملات کے سلسلے میں بھی راہل گاندھی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ سماعت کے دوران ملک کی اعلیٰ ترین عدالت نے راہل گاندھی سے کافی سخت لہجے میں سوالات کیے۔

ان سے پوچھا گیا کہ آپ کو یہ کیسے پتہ چلا کہ چین نے ہندوستان کی زمین پر قبضہ کر لیا ہے؟ آپ نے بغیر کسی ثبوت کے ایسا بیان کیوں دیا؟ اگر آپ سچے ہندوستانی ہیں تو اس طرح کی باتیں نہیں کریں گے۔ عدالت نے راہل گاندھی سے کہا کہ ایسے معاملات پارلیمنٹ میں اٹھائے جائیں، اور پوچھا کہ یہ سب سوشل میڈیا پر کیوں لکھتے ہیں؟