نئی دہلی: لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے طلبہ کے احتجاج کے دوران پولیس لاٹھی چارج میں زخمی ہونے والے طلبہ سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور کانگریس کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے رام منوہر لوہیا (آر ایم ایل) اسپتال میں اس زخمی طالبہ کی والدہ سے بھی ملاقات کی، جسے پیر کے روز تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
کانگریس نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے تینوں سینئر رہنماؤں نے ’’پیر کو نوجوانوں کے احتجاج کے دوران پولیس کے مبینہ لاٹھی چارج اور سخت کارروائی میں زخمی ہونے والے طلبہ‘‘ سے ملاقات کی۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ ملک میں طلبہ کے مستقبل کو پامال کیا جا رہا ہے اور آواز اٹھانے پر ان پر لاٹھیاں برسائی جا رہی ہیں۔
اس سے قبل راہل گاندھی نے کہا کہ پولیس کارروائی پر وزیر اعظم نریندر مودی کو معافی مانگنی چاہیے اور اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا چاہیے۔ انہوں نے پارلیمنٹ احاطے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ طلبہ پر لاٹھی چارج کے لیے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو بھی استعفیٰ دینا چاہیے۔
پرینکا گاندھی نے کہا، ’’ہم پارلیمنٹ میں اس معاملے پر بحث چاہتے ہیں، لیکن اپوزیشن کو بولنے نہیں دیا جا رہا۔ یہ ایوان انہی نوجوانوں کا ہے جن پر حکومت لاٹھیاں برسا رہی ہے اور آنسو گیس کے گولے چھوڑ رہی ہے۔ بچوں کی بات سنی جائے اور وزیر تعلیم سے استعفیٰ لیا جائے۔‘‘