نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، سابق صدر راہل گاندھی، جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اور دیگر کئی رہنما طلبہ کے خلاف پولیس کی کارروائی کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے قریب دھرنے پر بیٹھ گئے۔
وزیر اعظم کی رہائش گاہ 7، لوک کلیان مارگ کے قریب دھرنے پر بیٹھے کانگریس رہنماؤں نے "وزیر اعظم استعفیٰ دو" کے نعرے لگائے۔ اس دھرنے میں کانگریس کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال سمیت متعدد ارکانِ پارلیمنٹ بھی شریک ہیں۔
اس سے قبل راہل گاندھی نے کہا تھا کہ پولیس کارروائی پر وزیر اعظم نریندر مودی کو معافی مانگنی چاہیے اور اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا چاہیے۔ انہوں نے پارلیمنٹ احاطے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ طلبہ پر لاٹھی چارج کے لیے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو بھی استعفیٰ دینا چاہیے۔
پرینکا گاندھی نے کہا، "ہم پارلیمنٹ میں اس معاملے پر بحث چاہتے ہیں، لیکن اپوزیشن کو بولنے نہیں دیا جاتا۔ یہ ایوان انہی نوجوانوں کا ہے جن پر حکومت لاٹھیاں برسا رہی ہے اور آنسو گیس کے گولے چھوڑ رہی ہے۔ بچوں کی بات سنی جائے اور وزیر تعلیم سے استعفیٰ لیا جائے۔" راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے اس سے قبل رام منوہر لوہیا اسپتال جا کر پولیس کارروائی میں زخمی ہونے والے طلبہ سے بھی ملاقات کی۔