نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بدھ کے روز بھارت–امریکہ عبوری تجارتی معاہدے کے معاملے پر وزیرِ اعظم نریندر مودی کے خلاف راہل گاندھی کے الزامات کو ‘بے بنیاد’ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ لوک سبھا میں خطاب کے دوران قائدِ حزبِ اختلاف نے ‘سڑک چھاپ زبان’ استعمال کر کے پارلیمانی وقار کو مجروح کیا۔
یہ معاملہ اس وقت پیش آیا جب راہل گاندھی نے ایوان میں مرکزی بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیرِ اعظم مودی پر سخت تنقید کی اور الزام لگایا کہ حکومت نے اس تجارتی معاہدے کے ذریعے ‘بھارت ماتا کو بیچ دیا’ ہے اور یہ ‘مکمل خودسپردگی’ ہے، جس کے تحت بھارت کی توانائی سلامتی امریکہ کے حوالے کر دی گئی ہے اور کسانوں کے مفادات سے سمجھوتہ کیا گیا ہے۔
گاندھی نے کہا کہ انہیں یقین نہیں ہے کہ مودی سمیت کوئی بھی بھارتی وزیرِ اعظم ایسے معاہدے پر رضامند ہوگا جب تک اس پر ‘دباؤ’ نہ ڈالا جائے۔ اس پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کے قومی ترجمان سدھانشو ترویدی نے گاندھی کے الزامات کو ‘بے بنیاد’ قرار دے کر مسترد کیا اور الزام لگایا کہ کانگریس رہنما نے ایوان میں تقریر کے دوران ‘سڑک چھاپ زبان’ اور ‘سڑک چھاپ رویہ’ اختیار کر کے پارلیمانی وقار اور سیاست کو نچلی سطح پر پہنچا دیا۔
انہوں نے بی جے پی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران راہل گاندھی کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا، “اگر مہاراجہ جیمز اوّل عیسائی دنیا کے سب سے ذہین احمق تھے، تو ہم کہہ سکتے ہیں کہ راہل گاندھی کانگریس کے سب سے ذہین احمق ہیں۔”