راہل گاندھی دو روزہ دورے پر رائے بریلی پہنچے

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-09-2025
راہل گاندھی دو روزہ دورے پر رائے بریلی پہنچے
راہل گاندھی دو روزہ دورے پر رائے بریلی پہنچے

 



لکھنؤ/ آواز دی وائس
لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی بدھ کے روز اپنے پارلیمانی حلقے رائے بریلی کے دو روزہ دورے پر اتر پردیش پہنچے۔ اس دوران وہ کئی پروگراموں میں شامل ہوں گے اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔ پارٹی رہنماؤں نے یہ اطلاع دی۔
راہل گاندھی لکھنؤ کے چودھری چرن سنگھ ہوائی اڈے پر پہنچے، جہاں کانگریس کی صوبائی اکائی کے صدر اجے رائے اور دیگر سینئر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد وہ سڑک کے راستے رائے بریلی روانہ ہوئے۔
رائے بریلی میں راہل گاندھی، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر تیجسوی یادو اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو کی تصاویر والے پوسٹر لگائے گئے، جن پر لکھا تھا کہ ہندوستان کی آخری امید، کل یُگ کے برہما، وشنو، مہیش۔
کانگریس کی صوبائی اکائی کے صدر اجے رائے نے کہا کہ راہل گاندھی کے دورے سے پارٹی کارکنوں اور ریاست کے عوام میں نیا جوش پیدا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج عوام میں جوش اور خوشی کی لہر ہے۔ ہمارے رہنما نے ملک میں ہو رہی ‘ووٹ چوری’ کا مکمل پردہ فاش کر دیا ہے۔ پورا ملک ان پر فخر محسوس کر رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ راہل گاندھی کی موجودگی نے پورے اتر پردیش میں کانگریس حامیوں کا حوصلہ بڑھا دیا ہے۔ کانگریس کی ضلعی اکائی کے صدر پنکج تیواری نے بتایا کہ راہل گاندھی سب سے پہلے ہرچند پور میں پارٹی کے سابق عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔
اس کے بعد وہ گورا بازار چوراہے پر اشوک ستون کا افتتاح کریں گے اور شہر کے ایک ہوٹل میں پرجاپتی برادری کے ارکان سے گفتگو کریں گے۔ بعد میں، راہل گاندھی مولیہامؤ گاؤں جائیں گے تاکہ مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی اسکیم (منریگا) کے تحت بنے ایک پارک کا معائنہ کر سکیں۔
شام کو وہ اونچاہار اسمبلی حلقے کے بوتھ سطح کے کارکنوں سے ملاقات کریں گے اور اونچاہار کے ‘این ٹی پی سی’ گیسٹ ہاؤس میں رات گزاریں گے۔
جمعرات کو، راہل گاندھی کانگریس رہنماؤں اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد وہ کلکٹر آفس میں واقع بچت بھون میں ہونے والی ضلع نگرانی و احتیاطی کمیٹی کی میٹنگ میں حصہ لیں گے۔