راہل گاندھی کا انتخابی عمل پر سوال: بی جے پی اور الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 08-08-2025
راہل گاندھی کا انتخابی عمل پر سوال: بی جے پی اور الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات
راہل گاندھی کا انتخابی عمل پر سوال: بی جے پی اور الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات

 



بنگلورو:کانگریس کے رہنما اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ایک بار پھر انتخابی کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ جمعہ کو بنگلورو میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ مہاراشٹر میں لوک سبھا انتخابات کے دوران ان کی اتحادی جماعتوں نے جیت حاصل کی، لیکن صرف چار مہینے بعد بی جے پی نے اسمبلی انتخابات جیت لیے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ انتخابی عمل میں گڑبڑی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب اس معاملے کی تفتیش کی گئی تو معلوم ہوا کہ ایک کروڑ نئے ووٹرز اچانک سامنے آ گئے۔ راہل نے کہا،جو لوگ لوک سبھا میں ووٹ ڈالنے نہیں آئے تھے، وہ ایک کروڑ لوگ اچانک ووٹنگ کے دن کیسے آ گئے؟ ان ہی ووٹوں کے سہارے بی جے پی نے جیت حاصل کی۔ ہمیں پہلے سے شک تھا کہ معاملہ صاف نہیں ہے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس 16 سیٹیں جیتنے کی پوزیشن میں تھی، لیکن صرف 9 سیٹیں ملیں، اور یہ بھی دھاندلی کا نتیجہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے شواہد اکھٹے کیے ہیں لیکن انتخابی کمیشن کوئی جواب نہیں دے رہا۔

راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور الیکشن کمیشن پر شدید الزام لگاتے ہوئے کہا:بی جے پی اور انتخابی کمیشن جمہوریت کو قتل کر رہے ہیں۔ ہندوستان کے ہر شہری کو ووٹ دینے کا حق ہمارا آئین دیتا ہے، اور ہمیں اس کا تحفظ کرنا ہے۔ گزشتہ انتخابات میں بھی بی جے پی نے آئین پر حملہ کیا تھا۔ وہ ہر آئینی ادارے کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

راہل گاندھی نے انتخابی کمیشن سے ووٹنگ کی مکمل ویڈیو گرافی فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا، ہم یہ ثابت کر دیں گے کہ ووٹوں کی چوری ہوئی ہے اور یہ دھاندلی صرف کرناٹک میں نہیں بلکہ پورے ملک میں کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن بی جے پی کا ادارہ نہیں، یہ ملک کا ادارہ ہے، لیکن اس کے افسران آئین پر حملہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نریندر مودی صرف 25 سیٹوں کے فرق سے وزیر اعظم بنے ہیں اور اگر انہیں الیکٹرانک ڈیٹا مل جائے تو وہ ثابت کر سکتے ہیں کہ مودی نے چوری سے جیت حاصل کی۔ 25 ایسی سیٹیں ہیں جن پر بی جے پی صرف 35 ہزار ووٹوں کے فرق سے جیتی ہے۔ یہ صرف میرا نہیں، پورے اپوزیشن کا سوال ہے۔ راہل گاندھی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ چناؤ آیوگ نے بہار اور راجستھان جیسی ریاستوں کی ویب سائٹس بند کر دی ہیں تاکہ الیکٹورل ڈیٹا تک رسائی نہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا،ہم صرف شفافیت چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک کے ہر ووٹر کا حق محفوظ رہے۔ انتخابی ادارے کو غیر جانب دار رہنا چاہیے، لیکن آج وہ ایک پارٹی کے آلہ کار بن گئے ہیں۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں انتخابی عمل اور شفافیت پر مسلسل سوالات اٹھ رہے ہیں۔