پٹنہ: بہار میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی قیادت میں مہاگٹھ بندھن کی جانب سے ووٹروں کے حقوق کے لیے ایک یاترا نکالی جا رہی ہے۔ اس یاترا کے بارہویں دن، جمعرات 28 اگست 2025 کو، راہل گاندھی، تیجسوی یادو اور پپو یادو نے سیتامڑھی کے مشہور جانکی مندر میں جا کر پوجا ارچنا کی۔
واضح رہے کہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ایک دن پہلے ہی مندر کے درشن کی خواہش ظاہر کی تھی، لیکن اس وقت انتظامیہ نے سیکورٹی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے اجازت نہیں دی تھی۔ یاترا کے دوران ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا: آپ سب یاد کریں، آزادی سے پہلے آپ کو کیا کہا جاتا تھا؟ آپ کو اچھوت کہا جاتا تھا۔ یہ لوگ آپ سے آپ کا حق چھیننا چاہتے ہیں۔
کانگریس لیڈر نے حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ غریبوں کے ووٹ چوری کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ یہ آپ کی آواز کو دبانا چاہتے ہیں۔ اس میں ایک بھی امیر آدمی شامل نہیں ہے، لیکن ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے۔
راہل گاندھی نے ایک حیران کن دعویٰ کرتے ہوئے کہا:میرے پاس چھوٹے چھوٹے بچے آ رہے ہیں اور میرے کان میں کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی ووٹ چوری کر رہی ہے۔ ہم نے ابھی تک صرف کرناٹک کے ثبوت دیے ہیں، لیکن آنے والے وقت میں ہم لوک سبھا اور دیگر ریاستوں کے بھی ثبوت دیں گے۔ ہم دکھا دیں گے کہ بی جے پی ووٹ چوری کر کے الیکشن جیتتی ہے۔ جے بہار، جے ہند!۔
انہوں نے مزید کہا:سچ بتاؤں تو بہار میں یہ یاترا کر کے مجھے بہت مزہ آ رہا ہے، اتنا مزہ کسی اور ریاست میں نہیں آیا۔ بہار کے لوگوں کی سیاسی سمجھ کچھ اور ہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بہار میں اسی سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، ایسے میں حزبِ اختلاف کی اس یاترا کو سیاسی لحاظ سے کافی اہم مانا جا رہا ہے۔