نئی دہلی: لوک سبھا میں رہنما حزب اختلاف اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے آج جمعہ (6 فروری) کو پارلیمنٹ ہاؤس میں GIG ورکروں کے حقوق کے حوالے سے مختلف GIG ورکرز تنظیموں کے نمائندوں سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں غیر منظم مزدور کانگریس کے قومی صدر ادیت راج کی قیادت میں GIG ورکروں کی تنظیموں نے راہل گاندھی سے ملاقات کی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ اس اجلاس میں جھارکھنڈ ریاست ٹیکسی ایپ بیسڈ ورکر یونین، راجستھان GIG اور ایپ بیسڈ ورکر یونین، کرناٹک ایپ بیسڈ ورکر یونین اور GIG ورکر ایسوسی ایشن سمیت کئی تنظیموں کے نمائندے موجود تھے۔ اس دوران GIG ورکروں نے اپنے روزگار سے متعلق مسائل اور حقوق سے متعلق مانگیں راہل گاندھی کے سامنے رکھیں۔
کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے GIG ورکروں کو یقین دلایا کہ کانگریس پارٹی ان کے حقوق کی جنگ میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور GIG ورکروں کے لیے قانون کو نافذ کروانے کے لیے پوری طاقت سے کام کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جن ریاستوں میں کانگریس پارٹی کی حکومت ہے، وہاں اس قانون کو نافذ کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
بعد ازاں انہوں نے کہا کہ خاص طور پر بی جے پی کے زیرِ حکومت ریاستوں میں اس قانون کو نافذ کروانے کے لیے سیاسی اور عوامی دباؤ بنایا جائے گا۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس اجلاس کو GIG ورکروں کے حقوق کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے، جہاں ایپ بیسڈ اور غیر منظم شعبے کے مزدوروں کے مسائل کو قومی سطح پر اٹھانے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ GIG ورکروں (Gig Workers) سے مراد وہ لوگ ہیں جو کسی ایک کمپنی کے مستقل ملازم نہیں ہوتے بلکہ اپنی سہولت کے مطابق مختلف پروجیکٹس کے لیے کام کرتے ہیں۔ انہیں (ڈلیوری بوائے، ڈرائیور یا فری لانسر) کو پلیٹ فارم ورکر بھی کہا جاتا ہے۔