راہل گاندھی جھوٹے ہیں: فڑنویس

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-08-2025
راہل گاندھی جھوٹے ہیں: فڑنویس
راہل گاندھی جھوٹے ہیں: فڑنویس

 



ممبئی / آواز دی وائس
مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے پیر کے روز کانگریس کے ممبر پارلیمان راہل گاندھی کو "سیریل لائر"  قرار دیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف ان کے "ووٹ چوری" کے الزامات کو مسترد کر دیا۔
فڑنویس نے یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈروں کے یہ "جھوٹ" صرف خود کو تسلی دینے کے لیے ہیں۔ انہوں نے کہا كہ میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ راہل گاندھی ایک سیریل لائر ہیں۔ وہ لگاتار جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔ مجھے یہ دیکھ کر دکھ ہوتا ہے کہ مہاراشٹر کے کچھ لیڈروں کو اچانک یہ احساس ہو گیا ہے کہ راہل گاندھی سچ بول رہے ہیں۔
گاندھی کے اس الزام پر کہ بی جے پی نے ووٹ "چُرائے" ہیں، وزیراعلیٰ فڑنویس نے کہا کہ جھوٹی خبروں کی کبھی کوئی بنیاد نہیں ہوتی۔
سینئر بی جے پی لیڈر نے کہا كہ جھوٹ کی بنیاد پر کھڑا قلعہ ٹوٹ جاتا ہے۔ جب تک وہ یہ نہیں سمجھتے کہ عوام کا ووٹ جیتنے کے لیے عوام کے درمیان جا کر ان کا اعتماد جیتنا پڑے گا، تب تک اپنے آپ کو تسلی دینے کے لیے ایسے جھوٹ ان کے لیے کافی ہیں۔
راہل گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ کرناٹک، مہاراشٹر اور ہریانہ میں "ووٹ کی چوری" ہوئی ہے اور آنے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے مرکز میں برسرِاقتدار بی جے پی انتخابی کمیشن کی ملی بھگت سے بہار میں عوام کے ووٹ "چُرانے" کی کوشش کر رہی ہے۔
ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا سمیت کچھ دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بھی "ووٹ چوری" کا مسئلہ اٹھایا ہے اور اپنی پارٹی کے ممبران سے کہا ہے کہ وہ فرضی ووٹروں کو پہچاننے کے لیے ووٹر لسٹ کی جانچ کریں۔
مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے بھی کہا ہے کہ وہ 2016 سے "ووٹ چوری" کی بات کر رہے ہیں اور انتخابی کمیشن کو تب ہی جانچ کرنی چاہیے تھی جب راہل گاندھی اور بی جے پی لیڈر انوراگ ٹھاکر دونوں نے ووٹر لسٹ میں دھوکہ دہی کا الزام لگایا تھا۔
وزیراعلیٰ فڑنویس نے اتوار کو کہا تھا کہ ووٹ چوری کا الزام لگانے والے یہ لیڈر اپنی شکست پر خود احتساب کرنے کے بجائے انتخاب میں ہوئی ہار سے اپنے ممبران  کو دلاسہ دینے کے لیے ایسا کر رہے ہیں۔