راہل گاندھی کو کورٹ سے راحت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 06-08-2025
راہل گاندھی کو کورٹ سے راحت
راہل گاندھی کو کورٹ سے راحت

 



چائی باسہ: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کو چائی باسہ کی خصوصی عدالت نے ہتک عزت کے ایک مقدمے میں بڑی راحت دی ہے۔ عدالت نے اس معاملے میں راہل گاندھی کو ضمانت دے دی ہے۔ یہ معاملہ 28 مارچ 2018 کا ہے۔

اُس وقت راہل گاندھی نے ایک پروگرام میں بی جے پی کے سینئر رہنما امت شاہ کے بارے میں توہین آمیز تبصرہ کیا تھا۔ بعد میں راہل گاندھی کے اسی بیان کے خلاف بی جے پی رہنما پرتاپ کٹیار نے چائی باسہ کے سی جے ایم کورٹ میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ عدالت نے اس کی سماعت کرتے ہوئے راہل گاندھی کو ذاتی طور پر حاضر ہونے کا حکم دیا تھا۔ راہل گاندھی کے خلاف وارنٹ بھی جاری ہوا تھا۔

اس حکم کے خلاف راہل گاندھی نے جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی تھی، مگر وہاں بھی انہیں راحت نہیں ملی اور آج انہیں چائی باسہ کی خصوصی عدالت میں ذاتی طور پر پیش ہونا پڑا۔ عدالت نے سماعت کے بعد راحت دیتے ہوئے راہل گاندھی کو ضمانت دے دی ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ اس معاملے میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے راہل گاندھی پر ایک ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

دراصل، چائی باسہ کے ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے راہل گاندھی کی بی جے پی کے اُس وقت کے قومی صدر کے خلاف کی گئی مبینہ توہین آمیز تبصرے سے متعلق مقدمے میں ازخود نوٹس لیا تھا، جسے منسوخ کرنے کے لیے انہوں نے جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی تھی۔ اس عرضی پر سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے انہیں وقتی راحت دی تھی اور چائی باسہ عدالت میں جاری کارروائی پر روک لگا دی تھی۔

اس معاملے میں راہل گاندھی سے جواب داخل کرنے کو کہا گیا تھا۔ چائی باسہ کے رہائشی پرتاپ کٹیار نامی شخص نے راہل گاندھی کے خلاف درج کرائی گئی شکایت میں الزام لگایا تھا کہ انہوں نے 2018 میں کانگریس کے اجلاس کے دوران بی جے پی کے اُس وقت کے قومی صدر امت شاہ کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کیا تھا۔