نئی دہلی: رائے بریلی کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو الہ آباد ہائی کورٹ سے جھٹکا لگا ہے۔ اسپیشل کورٹ وارانسی کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی پٹیشن کو ہائی کورٹ نے مسترد کر دیا ہے۔ اب یہ معاملہ اسپیشل کورٹ کے پاس جائے گا جو فیصلہ کرے گا کہ راہل گاندھی پر مقدمہ درج کیا جائے گا یا نہیں۔
یہ حکم جسٹس سمیر جین کی عدالت نے دیا ہے۔ یہ معاملہ ستمبر 2024 کا ہے۔ راہل گاندھی نے امریکہ میں ایک پروگرام کے دوران مبینہ طور پر کہا تھا کہ بھارت میں سکھوں کے لیے ماحول اچھا نہیں ہے، کیا سکھ پگڑی پہن سکتے ہیں، کڑا رکھ سکتے ہیں اور گردوارے جا سکتے ہیں؟ ان کے اس بیان کو اشتعال انگیز اور معاشرے میں تقسیم پیدا کرنے والا بتایا گیا، جس پر شدید ردعمل آیا۔
وارانسی کے رہائشی ناگیشور مشرا نے اس بیان کے خلاف سارناتھ تھانے میں ایف آئی آر درج کرانے کی کوشش کی، لیکن کامیابی نہ ملنے پر انہوں نے عدالت کا رخ کیا۔ جج مجسٹریٹ (ثانوی) نے 28 نومبر 2024 کو یہ کہتے ہوئے مقدمہ خارج کر دیا کہ یہ معاملہ امریکہ میں دیے گئے خطاب سے متعلق ہے اور ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔
اس کے بعد ناگیشور مشرا نے سیکشن کورٹ میں نگرانی پٹیشن دائر کی، جسے 21 جولائی 2025 کو خصوصی جج (MP/MLA) کی عدالت نے منظور کر لیا۔ اب اس فیصلے کے خلاف راہل گاندھی نے ہائی کورٹ میں نظرثانی کی پٹیشن دائر کی ہے۔ دلائل دیے گئے کہ وارانسی عدالت کا حکم غلط، غیر قانونی اور دائرہ اختیار سے باہر ہے، لہٰذا جب تک یہ معاملہ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے، وارانسی عدالت کے حکم پر روک لگائی جائے۔