راہل گاندھی کا طلبہ کے معاملے پر بحث کا مطالبہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-07-2026
راہل گاندھی کا طلبہ کے معاملے پر بحث کا مطالبہ
راہل گاندھی کا طلبہ کے معاملے پر بحث کا مطالبہ

 



نئی دہلی: لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی اور اپوزیشن کے کئی دیگر رہنماؤں نے منگل کے روز اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کرکے طلبہ کے خلاف پیر کو پولیس کی کارروائی کا معاملہ اٹھایا اور ایوان میں اس موضوع کے ساتھ ساتھ امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں پر تفصیلی بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔

راہل گاندھی کی قیادت میں اپوزیشن رہنماؤں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر کے دفتر میں ملاقات کی۔ ان کے ساتھ سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ دھریندر یادو، شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے رہنما اروند ساونت اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ اپوزیشن کی مانگ بالکل واضح ہے کہ طلبہ کے خلاف کی گئی "وحشیانہ کارروائی" اور امتحانی بحران پر حکومت کی جوابدہی نہ ہونے کے معاملے پر پارلیمنٹ میں تفصیلی بحث ہونی چاہیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ طلبہ کو اپنے مستقبل سے متعلق جائز سوالات اٹھانے پر مارا پیٹا گیا۔

راہل گاندھی نے سوال کیا، "اگر پارلیمنٹ ہندوستان کے نوجوانوں کے مستقبل پر بحث نہیں کر سکتی تو پھر اس کا مقصد کیا ہے؟" انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اس معاملے کو دبنے نہیں دے گی اور یہ یقینی بنائے گی کہ طلبہ کی آواز سڑکوں کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ میں بھی سنی جائے۔

واضح رہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی (کاجپا) کی جانب سے نیٹ امتحان کے مبینہ پرچہ لیک کے خلاف اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر نکالے گئے پارلیمنٹ مارچ کے دوران پیر کو پولیس نے ہزاروں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے اور لاٹھی چارج کیا۔