راہل گاندھی ہتکِ عزت کیس: دفعہ 311 پر بحث مکمل، فیصلہ 2 مئی کو

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 22-04-2026
راہل گاندھی ہتکِ عزت کیس: دفعہ 311 پر بحث مکمل، فیصلہ 2 مئی کو
راہل گاندھی ہتکِ عزت کیس: دفعہ 311 پر بحث مکمل، فیصلہ 2 مئی کو

 



سلطانپور (اتر پردیش): لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف اور رائے بریلی سے رکنِ پارلیمنٹ راہل گاندھی سے متعلق ہتکِ عزت کے مقدمے میں بدھ کے روز ایم پی-ایم ایل اے عدالت میں دونوں فریقوں کے وکلا کے درمیان ضابطہ فوجداری (سی آر پی سی) کی دفعہ 311 سے متعلق درخواست پر بحث ہوئی۔

عدالت نے سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا اور 2 مئی کو سنانے کی تاریخ مقرر کی ہے۔ راہل گاندھی کے وکیل کاشی پرساد شکلا نے بتایا کہ مدعی فریق کے وکیل سنتوش کمار پانڈے کی جانب سے دائر دفعہ 311 کی درخواست پر عدالت میں بحث ہوئی۔

عدالت نے تمام فریقین کو سننے کے بعد فیصلے کے لیے اگلی تاریخ 2 مئی مقرر کی۔ اس سے قبل سماعت 17 اپریل کو ہوئی تھی۔ اس سے پہلے 28 مارچ کی سماعت میں مدعی فریق نے راہل گاندھی کی آواز کا نمونہ لینے اور اس کی فرانزک جانچ کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس کے لیے سی آر پی سی کی دفعہ 311 کے ساتھ دفعہ 91 کے تحت درخواست دی گئی تھی، جس میں آواز کے نمونے کا موازنہ پہلے سے جمع کرائی گئی سی ڈی کے ساتھ فارنزک لیب میں کرانے کی گزارش کی گئی تھی۔ اس مطالبے کی راہل گاندھی کے وکلا نے مخالفت کی تھی۔ یہ مقدمہ بی جے پی لیڈر وجے مشرا کی جانب سے اکتوبر 2018 میں درج کرایا گیا تھا۔

اس معاملے میں راہل گاندھی نے 20 فروری 2024 کو عدالت میں خودسپردگی کی تھی، جس کے بعد خصوصی مجسٹریٹ نے انہیں 25-25 ہزار روپے کے دو مچلکوں پر ضمانت دے دی تھی۔ اس کے بعد 26 جولائی 2024 کو راہل گاندھی عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا بیان درج کرایا، جس میں انہوں نے خود کو بے قصور قرار دیتے ہوئے اس مقدمے کو سیاسی سازش بتایا۔

عدالت نے ان کے بیان کے بعد مدعی فریق کو شواہد پیش کرنے کی ہدایت دی تھی، جس کے تحت گواہ پیش کیے جاتے رہے ہیں۔ اس سے قبل 20 فروری کو بھی راہل گاندھی نے سی آر پی سی کی دفعہ 313 کے تحت اپنا بیان درج کرایا تھا، جس میں عدالت نے ان سے الزامات کے حوالے سے وضاحت اور شواہد پیش کرنے کو کہا تھا، تاہم ان کے وکیل کی جانب سے کوئی اضافی شواہد یا وضاحت پیش نہیں کی گئی۔