راہل گاندھی کا کسانوں کے مسئلے پر حکومت کی تنقید

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 02-07-2025
راہل گاندھی کا کسانوں کے مسئلے پر حکومت کی تنقید
راہل گاندھی کا کسانوں کے مسئلے پر حکومت کی تنقید

 



نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے رہنما راہل گاندھی نے کسانوں کے مسائل کو لے کر مودی حکومت پر شدید حملہ کیا ہے۔ راہل گاندھی نے ایک سنگین مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کو زرعی ملک کہا جاتا ہے اور ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کسان کو مانا جاتا ہے، لیکن آج یہی کسان غیر ملکی کھاد پر انحصار کے باعث بحران کا شکار ہے۔

انہوں نے فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعے مودی حکومت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ہندوستان اپنی ضرورت کے 80 فیصد خصوصی کھاد چین سے منگواتا ہے اور اب چین نے اس سپلائی کو روک دیا ہے۔ پہلے ہی یوریا اور ڈی اے پی جیسی کھادوں کی کمی سے کسان پریشان تھے، اب چینی سپلائی کے بحران نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

راہل گاندھی کا الزام ہے کہ حکومت کو پہلے سے معلوم تھا کہ چین کی سپلائی کسی بھی وقت بند ہو سکتی ہے، لیکن اس کے باوجود کوئی متبادل بندوبست نہیں کیا گیا۔ نہ کوئی پالیسی بنائی گئی، نہ ہی گھریلو پیداوار کو فروغ دینے کی کوشش ہوئی۔ کانگریس کے رکن پارلیمان نے وزیراعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ تو کھاد کی بوریاں پر اپنی تصاویر چھپوانے میں لگے ہوئے ہیں، جبکہ ملک کا کسان ’میڈ ان چائنا‘ پر انحصار کرتا جا رہا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اب کسان اپنی ہی زمین پر دوسروں کا محتاج ہو جائے گا؟ اس سے قبل، راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے جی ایس ٹی کو غریبوں پر مسلط کی گئی ’معاشی سزا‘ قرار دیا تھا۔ انہوں نے اسے ٹیکس اصلاح نہیں بلکہ کارپوریٹ گھرانوں کو فائدہ پہنچانے والا ’ظالمانہ ہتھیار‘ کہا تھا۔

راہل گاندھی نے کہا تھا کہ مودی حکومت کا جی ایس ٹی کوئی ’گڈ اینڈ سمپل ٹیکس‘ نہیں، بلکہ ایک ایسا نظام ہے جسے ملک کے چھوٹے تاجروں، دکانداروں، کسانوں اور ایم ایس ایم ای سیکٹر کی کمر توڑنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔