راہل گاندھی اور تیجسوی یادو دہشت گردوں کو تحفظ دے رہے ہیں: گری راج سنگھ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-08-2025
راہل گاندھی اور تیجسوی یادو دہشت گردوں کو تحفظ دے رہے ہیں: گری راج سنگھ
راہل گاندھی اور تیجسوی یادو دہشت گردوں کو تحفظ دے رہے ہیں: گری راج سنگھ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سینئر رہنما گری راج سنگھ نے راہل گاندھی اور تیجسوی یادو پر زبردست حملہ بولا ہے۔ گری راج سنگھ نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ آخر ایسا کیوں ہے کہ جب راہل-تیجسوی کی یاترا شروع ہوتی ہے، اسی وقت نیپال کے راستے تین دہشت گرد بہار میں داخل ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ دہشت گردوں کا حوصلہ یوں ہی نہیں بڑھتا بلکہ ملک کے اندر ہی کچھ آستین کے سانپ ہیں جو ان کے سرپرست بنے ہوئے ہیں۔
گری راج سنگھ نے کانگریس اور آر جے ڈی کے دورِ حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ 1971 میں کانگریس کے وقت بنگلہ دیشی اور روہنگیا دہشت گرد ملک میں داخل ہوئے اور لالو یادو کے دورِ حکومت میں پی ایف آئی کو پروان چڑھایا گیا۔ انہوں نے صاف الفاظ میں کہا کہ اگر ہماری حکومت آگے بھی اقتدار میں آتی ہے تو بنگلہ دیشی اور روہنگیا کو ملک سے باہر نکالا جائے گا۔
مرکزی وزیر نے براہِ راست الزام لگایا کہ راہل گاندھی اور تیجسوی یادو نہ صرف روہنگیا اور بنگلہ دیشیوں کو بلکہ دہشت گردوں کو بھی پناہ دے رہے ہیں۔
پٹنہ میں بی جے پی اور کانگریس کارکن آمنے سامنے
اسی دوران وزیرِاعظم نریندر مودی کو لے کر ایک ریلی میں بولے گئے الفاظ پر تنازعہ بڑھ گیا ہے۔ پٹنہ میں جمعہ کے روز کانگریس دفتر کے باہر بی جے پی کارکنوں نے احتجاج کیا، جہاں بی جے پی اور کانگریس کارکنوں کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔ اس پر کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے کہا کہ بی جے پی کے ایجنٹ ہماری سبھا میں گھس کر غلط نعرے لگاتے ہیں اور پھر یہی لوگ اسے مسئلہ بنا دیتے ہیں تاکہ ووٹر ادھیکار یاترا سے عوام کا دھیان بھٹکایا جا سکے۔ اس سے پہلے سینیٹری نیپکن کے مسئلے پر بھی انہوں نے فوٹوشاپ کرتے ہوئے جھوٹا پروپیگنڈا کیا تھا۔ ان کی چوری اب پکڑ میں آ گئی ہے۔ اسی وجہ سے یہ گھبرائے ہوئے ہیں اور اب ہمارے صداقت آشرم میں غنڈہ گردی کرنے آ گئے ہیں۔ ان کے وزیر اور اراکین اسمبلی ہمارے کارکنوں پر حملہ کر رہے ہیں، لیکن ملک اور عوام یہ سب دیکھ رہے ہیں اور اب ان کی غنڈہ گردی بالکل نہیں چلے گی۔
کانگریس نے کہا کہ عدم تشدد کے آگے تشدد کبھی ٹک نہیں سکتا۔ ووٹ چوری اور انتخابی دھاندلی کے خلاف ہم مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں۔ ہماری ’’ووٹرس ادھیکار یاترا‘‘ کو عوام کی بے پناہ محبت اور حمایت مل رہی ہے، جس کی وجہ سے بی جے پی اور نریندر مودی بوکھلا گئے ہیں۔ اسی بوکھلاہٹ میں آج بہار پردیش کانگریس دفتر—صداقت آشرم پر بی جے پی نے اپنے اراکین اسمبلی کے ساتھ غنڈے بھیج کر حملہ کرایا، کانگریس کارکنوں کے ساتھ مارپیٹ کی گئی اور دفتر میں توڑ پھوڑ کی گئی۔
سچ اور آئین کی حفاظت جاری رکھیں گے :  کانگریس
کانگریس نے کہا کہ نریندر مودی اور بی جے پی یاد رکھیں، اس بزدلانہ حملے سے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ آپ کی ووٹ چوری کو ہم اور مضبوطی سے بے نقاب کریں گے۔ عوام کے حقوق کے لیے لڑیں گے۔ آئین کو ختم کرنے کی آپ کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ ہم سچ اور آئین کی حفاظت کرتے رہیں گے۔