راہل گاندھی اور ابھیشیک بنرجی نے ملاقات کی

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-06-2026
راہل گاندھی اور ابھیشیک بنرجی نے ملاقات کی
راہل گاندھی اور ابھیشیک بنرجی نے ملاقات کی

 



نئی دہلی
لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی اور ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی نے بدھ کے روز نئی دہلی میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات اپوزیشن اتحاد ’’انڈیا‘‘ کی جانب سے باہمی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور اتحاد کو برقرار رکھنے کی کوششوں کے درمیان ہوئی ہے۔10 جن پتھ میں ہونے والی اس ملاقات سے ایک روز قبل ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے سابق کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی اور اپوزیشن اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق، راہل گاندھی اور ابھیشیک بنرجی کے درمیان بدھ کو ہونے والی ملاقات کو اس ہفتے دہلی میں منعقدہ ’’انڈیا‘‘ اتحاد کی میٹنگ کے بعد کانگریس اور ترنمول کانگریس کے درمیان جاری رابطوں کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔
اگرچہ ملاقات کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں، تاہم یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حالیہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد ترنمول کانگریس کو اندرونی اختلافات اور بغاوت جیسی صورتحال کا سامنا ہے۔
پیر کے روز منعقد ہونے والی ’’انڈیا‘‘ اتحاد کی میٹنگ میں اپوزیشن رہنماؤں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحادی جماعتوں کے درمیان زیادہ ہم آہنگی اور اتحاد کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
ممتا بنرجی نے بھی اتحاد میں شامل جماعتوں سے اپیل کی تھی کہ وہ باہمی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر عوامی مسائل پر مل کر کام کریں اور مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کریں۔