راہل گاندھی نے پھر الیکشن کمیشن پر لگایا الزام

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-08-2025
راہل گاندھی نے پھر الیکشن کمیشن پر لگایا الزام
راہل گاندھی نے پھر الیکشن کمیشن پر لگایا الزام

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
کانگریس نے بہار کی ووٹر لسٹ میں دوبارہ بے ضابطگیوں کا دعویٰ کیا ہے۔ کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ بودھ گیا کے نڈانی گاؤں میں 947 ووٹروں کے نام ایک ہی مکان نمبر کے تحت درج ہیں۔ اس پر مقامی حکام اور ریاست کے چیف الیکشن آفس نے وضاحت دی ہے کہ مکان نمبر "فرضی " ہے، کیونکہ وہاں کے گھروں میں نمبر موجود نہیں ہیں۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کانگریس نے اسے "انتخابی کمیشن کا کرشمہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری ووٹر لسٹ میں 947 ووٹر ایک ہی مکان (مکان نمبر 6) میں رہتے ہیں۔ حقیقت؟ نڈانی میں سیکڑوں گھر اور خاندان ہیں، لیکن فہرست میں پورے گاؤں کو ایک فرضی مکان میں ڈال دیا گیا ہے۔ یہ انتخابی کمیشن کی ووٹ چوری ہے۔
پارٹی نے بوٹھ لیول افسر  کے ذریعہ گھر گھر جا کر کی گئی تصدیق پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ اصلی مکان نمبر ووٹر لسٹ سے کیوں ہٹا دیے گئے اور اس سے کس کو فائدہ ہوگا؟ کانگریس نے دعویٰ کیا کہ یہ کوئی عام غلطی نہیں ہے بلکہ شفافیت کے نام پر ایک مذاق ہے۔ جب مکان نمبر ہٹا دیے جاتے ہیں تو جعلی ووٹروں، ڈپلیکیٹ اور نقلی شناختوں کو چھپانا آسان ہو جاتا ہے۔
پارٹی نے کہا کہ اگر ایک چھوٹے سے گاؤں کے 947 ووٹروں کو ایک ہی پتے پر ڈمپ کیا جا سکتا ہے تو ذرا سوچئے بہار اور پورے ہندوستان میں کتنی بڑی بے ضابطگیاں ہوں گی۔ جیسا کہ راہل گاندھی مسلسل کہہ رہے ہیں – جمہوریت کی چوری ہو رہی ہے، نڈانی اس کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔
کانگریس نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے بھی جواب مانگا۔ کانگریس رہنما اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی نے اس پوسٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ انتخابی کمیشن کا کمال دیکھیے، ایک گھر میں پورا گاؤں بس گیا۔
گاندھی کے اس بیان کے جواب میں گیا ضلع انتظامیہ نے  گاؤں والوں کے چار ویڈیو کلپ ایکس پر شیئر کیے۔ پوسٹ میں لکھا گیا کہ کئی گاؤں میں مکان نمبر مختص نہیں ہیں، اسی وجہ سے ووٹر لسٹ میں علامتی (پرتیکاتمک) مکان نمبر دیے گئے ہیں۔ جن ووٹروں کا ذکر کیا جا رہا ہے وہ سب گاؤں میں موجود ہیں اور اصلی ووٹر ہیں۔ نڈانی گاؤں کے بوٹھ نمبر 161 کے ووٹر خود صورتحال واضح کر رہے ہیں۔
ایک ویڈیو میں ایک رہائشی کہتا ہے کہ گاؤں نڈانی، بوٹھ نمبر 161، یہاں بدنامی کی جا رہی ہے کہ 900 ووٹ ایک ہی گھر میں ہیں، یہ بالکل غلط ہے۔ ہم انتخابی کمیشن کے سروے سے مطمئن ہیں… اور جہاں تک مکان نمبر کی بات ہے، 161 میں کوئی مکان نمبر نہیں ہے، ہم گاؤں میں رہتے ہیں اور گاؤں میں مکان نمبرز ہوتے ہی نہیں۔
ایک اور کلپ میں ایک خاتون کہتی ہیں کہ میرا نام رنکی کماری ہے… میں پہلے بھی ووٹ دیتی رہی ہوں اور اب بھی دے رہی ہوں۔ گاؤں میں مکان نمبر نہیں ہیں؛ میرا نام اب بھی ووٹر لسٹ میں ہے۔
بہار کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے وضاحت دی کہ "فرضی مکان نمبر" ایک علامتی نمبر ہوتا ہے جو اس وقت دیا جاتا ہے جب کسی ووٹر کے مکان کا اصل نمبر دستیاب نہیں ہوتا۔ کئی گاؤں، کچی بستیوں یا عارضی بستیوں میں گھروں کو مستقل مکان نمبر نہیں دیے جاتے۔ ایسے معاملات میں، بی ایل او خود علاقے کا دورہ کرتے ہیں اور ہر گھر کو ایک ترتیب نمبر (جیسے 1، 2، 3…) فراہم کرتے ہیں۔ یہ نمبر صرف فہرست بنانے میں سہولت اور ووٹروں کو درست ترتیب سے درج کرنے کے لیے ہوتا ہے۔ اس کا مقصد ووٹر کی شناخت اور ووٹر لسٹ کو منظم طریقے سے تیار کرنا ہوتا ہے۔