نئی دہلی/ آواز دی وائس
نوجوانی میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سویم سیوک، جن سنگھ سے سیاسی سفر کی شروعات، 1990 کی دہائی میں ہندوستانی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمان اور اپنے حامیوں کے درمیان ’تمل ناڈو کے مودی‘ کے نام سے مشہور چندرپورم پوننوسامی رادھا کرشنن ملک کے پندرھویں نائب صدر کے طور پر ایک بھرپور سیاسی اور انتظامی تجربہ رکھتے ہیں۔
نائب صدر کے طور پر ان کا سفر اب ایک الگ نوعیت کا ہوگا، جس میں ان کے سامنے کئی چیلنجز بھی ہوں گے۔ سب سے بڑا چیلنج راجیہ سبھا کے چیئرمین کی حیثیت سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان توازن قائم رکھنا ہوگا، کیونکہ گزشتہ چند برسوں میں اپوزیشن نے چیئرمین کی غیر جانب داری پر کئی سوال اٹھائے ہیں۔
رادھا کرشنن (67) نے جمعہ کو صدر دروپدی مرمو سے ملک کے پندرھویں نائب صدر کے طور پر حلف لیا۔ وہ اپنے پیش رو جگدیپ دھنکھڑ کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھال رہے ہیں جنہوں نے 21 جولائی کو صحت کی وجوہات بتاتے ہوئے اچانک استعفیٰ دے دیا تھا۔
رادھا کرشنن اس عہدے پر فائز ہونے والے تمل ناڈو کے تیسرے رہنما ہیں۔
انہوں نے منگل کو نائب صدر کے انتخاب میں اپوزیشن کے امیدوار بی۔ سدھرشن ریڈی کو 152 ووٹوں کے بھاری فرق سے شکست دی۔
نائب صدر منتخب ہونے پر ان کی والدہ جانکی امّال نے ان کے نام سے جڑی ایک دلچسپ کہانی سنائی۔
انہوں نے تمل ناڈو میں صحافیوں سے کہا کہ جب میرا بیٹا پیدا ہوا تو صدر رادھا کرشنن تھے۔ وہ استاد تھے اور میں بھی استاد تھی۔ ان کے احترام میں میں نے اپنے بیٹے کا نام رادھا کرشنن رکھا۔ تب میرے شوہر نے میری طرف دیکھتے ہوئے کہا تھا کہ کیا تم اپنے بیٹے کو یہ نام اس لیے دے رہی ہو تاکہ تم اسے ایک دن صدر بنتے دیکھ سکو؟ میرے شوہر نے جو کہا تھا، 62 سال بعد وہ بات سچ ہو گئی۔
منگل کو انتخاب جیتنے کے بعد اپنی پہلی عوامی رائے میں رادھا کرشنن نے کہا کہ دوسری طرف (اپوزیشن اتحاد) نے کہا کہ یہ (انتخاب) ایک نظریاتی لڑائی ہے، لیکن ووٹنگ کے رجحان سے ہمیں لگتا ہے کہ قوم پرست نظریہ جیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہر ہندوستانی کی جیت ہے، ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اگر ہمیں 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان بنانا ہے تو ہمیں ترقی پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ اب تک مہاراشٹر کے گورنر کی حیثیت سے ذمہ داری نبھانے والے رادھا کرشنن نوجوانی میں ہی آر ایس ایس اور جن سنگھ سے جڑ گئے تھے۔ وہ 1990 کی دہائی کے آخر میں کوئمبٹور سے دو بار لوک سبھا انتخابات جیتے اور ان کے حامی انہیں ’تمل ناڈو کا مودی‘ کہتے ہیں۔
رادھا کرشنن نے 1998 اور 1999 میں کوئمبٹور لوک سبھا سیٹ سے لگاتار دو بار انتخاب جیتا جب اٹل بہاری واجپائی وزیر اعظم تھے۔ تاہم اس کے بعد انہیں اسی سیٹ سے لگاتار تین بار ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ تمل ناڈو میں تمام جماعتوں میں انہیں کافی احترام حاصل ہے اور یہی وجہ ہے کہ بی جے پی نے انہیں کئی ریاستوں کا گورنر بنایا۔
انہوں نے 31 جولائی 2024 کو مہاراشٹر کے گورنر کے طور پر حلف لیا۔ اس سے قبل وہ تقریباً ڈیڑھ سال تک جھارکھنڈ کے گورنر رہے۔ جھارکھنڈ کے گورنر کے طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے انہیں تلنگانہ کے گورنر اور پڈوچیری کے نائب گورنر کا اضافی چارج بھی دیا گیا تھا۔
مختلف ریاستوں میں گورنر رہنے کے باوجود وہ اکثر تمل ناڈو کا دورہ کرتے رہے ہیں۔ اپنے حالیہ تمل ناڈو دورے میں انہوں نے کئی پروگراموں میں شرکت کی اور وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن سے بھی ملاقات کی تھی۔
تمل ناڈو میں اگلے سال اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔
تمل ناڈو کے تروپور میں 20 اکتوبر 1957 کو پیدا ہونے والے رادھا کرشنن کے پاس بزنس مینجمنٹ میں گریجویشن کی ڈگری ہے۔ 16 سال کی عمر میں آر ایس ایس کے سویم سیوک کے طور پر شروعات کرنے والے رادھا کرشنن 1974 میں ہندوستانی جن سنگھ کی ریاستی ایگزیکٹو کے رکن بنے۔ 1996 میں رادھا کرشنن کو بی جے پی کی تمل ناڈو یونٹ کا سکریٹری مقرر کیا گیا۔ وہ 1998 میں پہلی بار کوئمبٹور سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے اور 1999 میں دوبارہ اسی سیٹ سے منتخب ہوئے۔
رکن پارلیمان کے طور پر اپنے دور میں انہوں نے مختلف پارلیمانی کمیٹیوں کے صدر اور رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ 2004 سے 2007 کے درمیان رادھا کرشنن بی جے پی کی تمل ناڈو یونٹ کے صدر رہے۔ اس عہدے پر رہتے ہوئے انہوں نے 19,000 کلومیٹر کی ’رتھ یاترا‘ نکالی جو 93 دن تک جاری رہی۔
ایک پُرجوش کھلاڑی رادھا کرشنن کالج ٹیبل ٹینس چیمپئن اور طویل فاصلے کے دھاوک (رنر) رہے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ 2004 میں دِرَوِڑ مُنےتر کَژگم (ڈی ایم کے) کے راجگ سے تعلقات ختم کرنے کے بعد تمل ناڈو میں بی جے پی کے لیے نیا اتحاد قائم کرنے میں ان کا اہم کردار تھا۔