جج بدلنے کی رابڑی دیوی کی درخواست،سی بی آئی کو نوٹس

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 26-11-2025
جج بدلنے کی رابڑی دیوی کی درخواست،سی بی آئی کو نوٹس
جج بدلنے کی رابڑی دیوی کی درخواست،سی بی آئی کو نوٹس

 



نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے بدھ کے روز بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کی اس درخواست پر سی بی آئی سے جواب طلب کیا ہے جس میں انہوں نے آئی آر سی ٹی سی ہوٹل گھوٹالہ کیس کی سماعت کو کسی دوسرے جج کے سپرد کرنے کی مانگ کی ہے۔

پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج دنیش بھٹ نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی رہنما کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے سی بی آئی کو نوٹس جاری کیا، تاہم عدالت نے اس کیس کی جاری سماعت پر روک لگانے سے انکار کر دیا۔ اس سے قبل پیر کے روز رابڑی دیوی نے سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے اپنے خلاف زیرِ سماعت معاملات کو دوسری عدالت منتقل کرنے کے لیے ایک عرضی دائر کی تھی۔

ان کا مؤقف تھا کہ انہیں یہ معقول خدشہ ہے کہ انہیں “غیر جانبدار اور منصفانہ انصاف” نہیں مل پائے گا۔ سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کے خلاف زمین کے بدلے نوکری اور آئی آر سی ٹی سی گھوٹالہ سمیت چار مقدمات درج ہیں، جن کی سماعت اس وقت خصوصی جج وِشال گوگنے کر رہے ہیں۔

پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے سامنے دائر درخواست میں کہا گیا ہے: درخواست گزار (دیوی) کو یہ حقیقی اور معقول اندیشہ ہے کہ خصوصی جج کی جانب سے منصفانہ اور غیر جانب دار فیصلہ نہیں دیا جائے گا۔ تمام مقدمات کی کارروائی کے دوران خصوصی جج کا رویّہ استغاثہ کے حق میں جھکا ہوا اور جانبدارانہ محسوس ہوتا ہے، جس کے متعدد واقعات کارروائی اور احکامات سے ظاہر ہوتے ہیں۔

عرضی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ "جانبداری کے ایک معقول اندیشے" کے باعث انصاف کے تقاضوں کے پیشِ نظر ان معاملات کو دوسری مجاز عدالت میں منتقل کیا جانا ضروری ہے۔ جج نے اس معاملے کی اگلی سماعت کے لیے چھ دسمبر کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔