نئی دہلی/ آواز دی وائس
تجارت و صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے جمعہ کو کہا کہ عمان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کو جلد ہی حتمی شکل دے دی جائے گی اور قطر بھی ہندوستان کے ساتھ اس طرح کے معاہدے پر بات چیت کرنے کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے برآمد کنندگان کو یقین دلایا کہ تجارت کے میدان میں کسی ملک کی یکطرفہ کارروائی کی وجہ سے پیدا ہونے والی موجودہ عالمی غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
گوئل نے کہا کہ مال و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی اصلاحات سے گھریلو کھپت کو فروغ ملے گا۔ مرکز نے جی ایس ٹی کی شرحوں کو مناسب بنانے کے لیے قائم وزارتی گروپ (جی او ایم) کے سامنے پانچ فیصد اور 18 فیصد کی دو سطحی جی ایس ٹی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ کچھ منتخب اشیاء پر 40 فیصد کی خصوصی شرح کا بھی تجویز پیش کیا ہے۔
وزیر نے یہاں منعقدہ ایک پروگرام میں کہا کہ اس سال ہماری برآمدات پچھلے سال سے زیادہ رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عمان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کو ’’جلد ہی حتمی شکل دے دی جائے گی اور قطر بھی ایک تجارتی معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔ سعودی عرب بھی دلچسپی رکھتا ہے۔
گوئل نے ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ یورپی یونین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کے لیے بات چیت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔