چنڈی گڑھ: پنجاب پولیس نے پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے لیے جاسوسی کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پنجاب پولیس نے بدھ کو ان دونوں افراد کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت کولکاتہ کے اینٹلی کے رہنے والے ظفر ریاض اور بہار کے مدھوبنی کے رہنے والے اس کے ساتھی محمد شمشاد کے طور پر ہوئی ہے۔
پنجاب پولیس نے بتایا کہ سرحد پار سے کام کرنے والے جاسوسی نیٹ ورک کا پتہ لگاتے ہوئے، ریاست کے خصوصی آپریشنز سیل نے ظفر ریاض اور اس کے معاون محمد شمشاد کو گرفتار کیا ہے، جو امرتسر کے میراکوٹ چوک میں کرائے کے مکان میں رہ رہے تھے۔ پولیس نے دونوں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق ریاض نے پاکستانی شہری رابعہ سے شادی کی تھی۔ شروع میں رابعہ ریاض کے ساتھ کولکاتہ میں رہتی تھی۔ 2012 میں، ریاض نے اپنے سسرال والوں کے کہنے پر لاہور، پاکستان میں رہنا شروع کیا۔
ریاض اکثر علاج کے لیے ہندوستان آیا کرتا تھا۔ اس دوران وہ پاکستانی انٹیلی جنس افسر اویس کے رابطے میں آیا اور اس کے لیے جاسوسی کرنے لگا۔ اس میں شمشاد نے ان کا ساتھ دیا۔ شمشاد نے امرتسر میں ایئر فورس اسٹیشن اور چھاؤنی کے علاقے کی تصاویر بھی لی اور ریاض کو دیں۔ جسے اس نے آئی ایس آئی کے اوبیس تک پہنچائی تھی۔