پنجاب: وزیراعلیٰ سے اسپتال میں ملے منیش سسودیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-09-2025
پنجاب: وزیراعلیٰ سے اسپتال میں ملے منیش سسودیا
پنجاب: وزیراعلیٰ سے اسپتال میں ملے منیش سسودیا

 



چنڈی گڑھ : عام آدمی پارٹی کے لیڈر منیش سسودیا نے ہفتہ کے روز پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان سے موہالی کے ایک نجی اسپتال میں ملاقات کی اور ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ مان کو جمعہ کی شام تھکن اور دل کی دھڑکن کم ہونے کی شکایت کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

اسپتال کے حکام کے مطابق فی الحال وہ نگرانی میں ہیں۔ مان سے ملاقات کے بعد سسودیا نے صحافیوں کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ پچھلے دو تین دنوں سے ناساز تھے۔ آپ کے پنجاب انچارج سسودیا نے کہا، ’’مان کے جسم میں الیکٹرولائٹ کا عدم توازن تھا۔‘‘ اس سے پہلے ان کا علاج گھر پر ہی جاری تھا۔ سسودیا نے کہا، ’’کل شام ان کی نبض کی رفتار کم ہو گئی، اس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ تب سے وہ نگرانی میں ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’ان کی حالت مستحکم ہے اور فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔ معالجین کے مطابق انہیں ایک دو دن اور اسپتال میں رہنا ہوگا۔‘‘ مان کے ساتھ اپنی گفتگو کے بارے میں سسودیا نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے پنجاب میں سیلاب کی صورتِ حال پر بات کی۔

جمعہ کو مان کی صدارت میں ہونے والا پنجاب کابینہ کا اجلاس ان کی علالت کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا۔ وزیر اعلیٰ جمعرات کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر آپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کے ساتھ بھی نہیں جا سکے۔