چنڈی گڑھ: پنجاب اور ہریانہ میں اس سال پرالی جلانے کے معاملات میں قابلِ ذکر کمی دیکھی گئی ہے، جس کے نتیجے میں دہلی این سی آر کا آسمان نسبتاً صاف رہا اور فضائی معیار میں بہتری آئی ہے۔ یہ بات جاری کیے گئے سرکاری اعداد و شمار میں سامنے آئی ہے۔
ریاستی حکومت کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم) کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پنجاب میں 2025 میں کھیتوں میں آگ لگانے کے 5,114 واقعات درج ہوئے، جو 2021 کے مقابلے 93 فیصد کم ہیں۔
ہریانہ میں 662 واقعات رپورٹ ہوئے، یعنی 91 فیصد کمی۔ 'کونسورٹیم فار ریسرچ آن ایگرو ایکوسسٹم مانیٹرنگ اینڈ ماڈلنگ فرام اسپیس' (CREAMS) لیب کے سیٹلائٹ ڈیٹا کے مطابق دھان کی پرالی جلانے کے واقعات میں 57 فیصد کمی آئی ہے۔ 2023 میں یہ تعداد 42,962 تھی، جو 2024 میں کم ہو کر 18,457 رہ گئی۔
بیان میں بتایا گیا کہ سنگرور میں پرالی جلانے کے واقعات میں 60 فیصد کمی دیکھی گئی، جہاں 2025 میں 693 واقعات سامنے آئے۔ فیروزپور میں 59 فیصد اور مکتسر میں 55 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ترن ترن میں کھیتوں میں آگ لگانے کے 685 اور بٹھنڈہ میں 368 واقعات درج ہوئے ، یہ دونوں اضلاع بھی گزشتہ برسوں کے مقابلے واضح بہتری دکھاتے ہیں۔ ہریانہ میں سب سے زیادہ واقعات جیند (47)، فتے آباد (28) اور کیتھل (27) میں رپورٹ ہوئے۔
پرالی جلانے کے واقعات میں کمی آنے سے دہلی این سی آر کی فضائی کیفیت میں کافی بہتری آئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے وہ دن جن میں سطح 200 سے نیچے رہی، 2016 میں 110 تھے، جو 2025 میں بڑھ کر 200 ہو گئے۔ ماہرین کے مطابق یہ بہتری سرکاری پالیسیوں، کسانوں میں بیداری، نئی زرعی تکنیک کے استعمال اور نجی شعبے کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ بیان کے مطابق ویسٹ ٹو انرجی کمپنیاں کسانوں کو فصلوں کے باقیات کو جلانے کے بجائے قابلِ تجدید توانائی کی تیاری میں استعمال کرنے میں مدد دے رہی ہیں۔