چنڈیگڑھ/ آواز دی وائس
پنجاب کے بدعنوان ڈی آئی جی ہرچرن بھلر گزشتہ چند دنوں سے سرخیوں میں ہیں۔ سی بی آئی نے انہیں 5 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد ڈی آئی جی کی کوٹھی سمیت مختلف ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے، جن میں کروڑوں روپے کی غیر قانونی کمائی برآمد ہوئی۔ ذرائع کے مطابق، ڈی آئی جی کے بنگلے سے نوٹوں کے اتنے بَندل برآمد ہوئے کہ تفتیشی افسران بھی حیران رہ گئے۔ کئی گھنٹوں کی گنتی کے بعد معلوم ہوا کہ ڈی آئی جی اور ان کے قریبی ساتھی کے گھر سے تقریباً 7.5 کروڑ روپے نقد، ڈھائی کلو سونا، اور زمین و فلیٹس کے متعدد دستاویزات ملے۔
پنجاب حکومت کا سخت ایکشن ، ڈی آئی جی معطل
اس معاملے کے منظرِ عام پر آنے کے بعد پنجاب حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈی آئی جی ہرچرن سنگھ بھلر کو معطل کر دیا۔ وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے بدعنوانی کے خلاف اپنی حکومت کی "زیرو ٹالرنس" پالیسی کو دہراتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔
بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس ہماری پالیسی ہے: وزیر اعلیٰ
ایک بیان میں بھگونت مان نے کہا کہ بدعنوانی سے پاک طرزِ حکمرانی پنجاب حکومت کی اخلاقی بنیادوں میں سے ایک ہے، اور گزشتہ چار برسوں میں حکومت کے اقدامات سے یہ واضح ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہمیشہ بدعنوانی کے مرتکب افراد کو سخت کارروائی کا سامنا کروایا ہے اور کسی کو بخشا نہیں۔ اسی پالیسی کے تحت حال ہی میں ایک مرکزی ایجنسی کے ذریعے گرفتار کیے گئے آئی پی ایس افسر کو معطل کیا گیا ہے۔
شفافیت اور ایمانداری ہی عوامی خدمت کی بنیاد ہے
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ اقدام حکومت کی شفافیت، جوابدہی اور دیانتداری کے تئیں غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدعنوان سرگرمیوں سے عوام کا اعتماد مجروح ہوتا ہے اور یہ ملک کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرتی ہیں۔