چنڈی گڑھ: پنجاب حکومت کی جانب سے چلائی جا رہی نشہ مخالف مہم کے تحت گزشتہ 205 دنوں میں پورے صوبے میں 30,500 سے زیادہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ایک افسر نے یہ اطلاع دی۔ افسر نے بتایا کہ پنجاب سے منشیات کے مسئلے کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے شروع کی گئی مہم "یُدھ نشیاں وِرُدھ" نے پیر کو 205 دن مکمل کر لئے۔
پنجاب پولیس نے پیر کو 395 مقامات پر چھاپے مارے، جس کے بعد ریاست بھر میں 59 ایف آئی آر درج کر کے 81 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے ساتھ ہی 205 دنوں میں اب تک گرفتار کئے گئے منشیات فروشوں کی تعداد 30,540 تک پہنچ گئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ 74 گزٹڈ افسران کی نگرانی میں 1,100 سے زیادہ اہلکاروں پر مشتمل 150 سے زائد پولیس ٹیموں نے پیر کے روز ریاست بھر میں یہ چھاپے مارے۔