آواز دی وائس، پونے
پونے نے ایک بار پھر فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور باہمی رواداری کی اپنی عظیم روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے۔ رواں برس 6 ستمبر 2025کو گنیش وسرجن (مورتیاں جل میں وسرجن) اور عید میلادالنبی ﷺ ایک ہی دن آ رہے ہیں، جس کے پیش نظر پونے کی مسلم برادری نے متفقہ طور پر میلادالنبی کا جلوس مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب یہ جلوس 8 ستمبر 2025کو نکالا جائے گا۔
پونے کی تہذیبی وراثت کے مطابق فیصلہ
پونے کو عوامی گنیش اُتسو کا جنم استھان مانا جاتا ہے، جس کی بنیاد لوک مانیہ تلک نے تحریکِ آزادی کے دوران رکھی تھی۔ گنیش وسرجن کے دن شہر میں لاکھوں عقیدت مند سڑکوں پر نکلتے ہیں، جس سے ٹریفک اور سیکیورٹی پر زبردست دباؤ پڑتا ہے۔دوسری جانب عید میلادالنبی ﷺ بھی ایک عظیم اور پُرجوش مذہبی تقریب ہے، جس میں جلوس نکالے جاتے ہیں، نعت خوانی ہوتی ہے، اور برادری کے افراد بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں۔دونوں تہواروں کے ایک ہی دن ہونے کی وجہ سے ممکنہ ہجوم اور ٹریفک کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے، مسلم برادری نے خود آگے بڑھ کر جلوس کو مؤخر کرنے کا اعلان کیا۔
سماجی کارکن انوار شیخ نے کہا کہ پونے کی ایک خاص پہچان اتحاد اور بھائی چارہ ہے۔ ہم نے یہ فیصلہ امن و سکون برقرار رکھنے کے لیے لیا تاکہ دونوں مذاہب کے افراد اپنے تہوار خوشی کے ساتھ منا سکیں۔ ہمارا جلوس صرف گنیش وسرجن کے پُرامن اختتام کے بعد ہی نکلے گا۔"
ڈی جے پر پابندی، صرف نعت خوانی کی اجازت کی درخواست
پونے کی مسلم برادری نے جلوس مؤخر کرنے کے ساتھ ساتھ ایک اور مثالی قدم اٹھایا ہے۔ جلوس میں ڈی جے اور شور والے ساؤنڈ سسٹمز پر پابندی عائد کرتے ہوئے صرف روایتی نعت خوانی کی اجازت کے لیے پونے پولیس سے باضابطہ درخواست دی گئی ہے۔یہ قدم سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے مطابق ہے جس کے تحت مذہبی جلوسوں میں تیز آواز والے ڈی جے کی اجازت نہیں دی جاتی۔پولیس انتظامیہ نے مسلم برادری کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے قانون و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے میں اہم قرار دیا ہے۔ایسا ہی ایک منظر گزشتہ سال بھی سامنے آیا تھا جب عید میلاد اور گنیش وسرجن ایک ہی دن آئے تھے، اور اس وقت بھی مسلم برادری نے اپنا جلوس مؤخر کر کے اتحاد و بھائی چارے کی مثال قائم کی تھی۔
پورے ملک کے لیے ایک مثال
پونے کی مسلم برادری کا یہ فیصلہ نہ صرف شہر بلکہ پورے ملک کے لیے ایک سبق آموز مثال ہے کہ مختلف مذاہب کے تہوار پرامن طریقے سے، باہمی احترام کے ساتھ کیسے منائے جا سکتے ہیں۔ یہ قدم وسعتِ ظرف، سماجی شعور، اور ذمہ دار شہری ہونے کی روشن علامت ہے۔