بی جے پی رکن پارلیمان کے ’شُدھی کرن‘ عمل کے بعد سیاسی اتحادیوں اور سماجی کارکنوں نے باجی راؤ–مستانی کی میراث کا حوالہ دے کر شہر کے سماجی تانے بانے کا دفاع کیا۔
اواز دی وائس، پونے
حال ہی میں مہاراشٹر کے تاریخی شہر پونے کے مشہور و معروف مقام شنیوار واڑہ میں نماز ادا کیے جانے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ اٹھارہویں صدی میں تعمیر ہونے والا یہ شاندار قلعہ نما محل مرہٹہ سلطنت کے پیشواؤں یعنی وزیرِاعظموں کی رہائش گاہ تھا۔ ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی راجیہ سبھا رکن میدھا کلکرنی اور کچھ ہندوتوا تنظیموں نے اس واقعے پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے شنیوار واڑہ کے احاطے میں احتجاج کیا۔
اس کے بعد آثارِ قدیمہ کے محکمے (اے ایس آئی) نے تین خواتین کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی کہ انہوں نے ایک محفوظ تاریخی مقام پر عبادت کی ہے۔ شکایت کی بنیاد پر تین نامعلوم خواتین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
بعدازاں، بی جے پی کی ایم پی میدھا کلکرنی اور ہندوتوا کارکنان نے اس جگہ کا ’شُدھی کرن‘ کیا جہاں نماز ادا کی گئی تھی، یعنی گؤموتر (گائے کا پیشاب) چھڑک کر اور گوبر سے لیپ کر اسے ’پاک‘ کیا۔ تاہم اس عمل پر شدید ردِعمل سامنے آیا اور سماجی و سیاسی حلقوں میں اسے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
"پونے کی ہم آہنگی کو خراب نہ کریں": بی جے پی اتحادی کی مذمت
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی–اجیت پوار گروپ) کی خاتون رہنما روپالی تھومبڑے پاٹل، جو ریاستی حکومت میں بی جے پی کی اتحادی ہیں، نے کھل کر مخالفت کی۔ انہوں نے کہا، "شنیوار واڑہ ایک عوامی مقام ہے، جہاں ہر مذہب اور ذات کے لوگ آتے ہیں۔ اگر کچھ خواتین برقع میں وہاں بیٹھی تھیں اور انہوں نے دعا کی، تو اس سے شنیوار واڑہ کی تقدیس کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔"
انہوں نے مزید کہا، "آپ ایک عوامی نمائندہ ہیں، سبھی مذاہب اور طبقوں کے لوگوں کی ایم پی۔ آپ کو پونے کی سماجی ہم آہنگی کو برباد نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ یہاں ہندو اور مسلمان صدیوں سے امن سے رہتے آئے ہیں۔"
"یہ نظامی مسئلہ ہے": ڈاکٹر فرح انور
’مس فرح چیریٹیبل فاؤنڈیشن‘ کی سربراہ ڈاکٹر فرح انور نے اس واقعے کو دو زاویوں سے دیکھا۔ ان کا کہنا تھا، "کسی بھی عوامی یا تاریخی مقام پر مذہبی رسومات ادا نہیں کی جانی چاہییں۔ لیکن یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ ان خواتین کو ایسی جگہ نماز پڑھنے پر مجبور کیوں ہونا پڑا۔"
انہوں نے وضاحت کی، "اگر شہر کی مساجد خواتین کے لیے احترام کے ساتھ کھلی ہوتیں، تو انہیں شنیوار واڑہ جیسے مقام پر نماز پڑھنے کی ضرورت محسوس نہ ہوتی۔ حقیقت یہ ہے کہ پونے سمیت کئی شہروں کی مساجد میں خواتین کے لیے داخلے، سہولت یا محفوظ جگہ کا انتظام نہیں ہے۔ یہی وہ نظامی مسئلہ ہے جس کی وجہ سے یہ غیر ضروری تنازعہ کھڑا ہوا۔"
ڈاکٹر فرح گزشتہ ایک دہائی سے خواتین کو مساجد میں داخلے کے حق کے لیے قانونی اور سماجی جدوجہد کر رہی ہیں۔ انہوں نے کئی بڑی مساجد کو باضابطہ خطوط لکھے ہیں اور سپریم کورٹ میں بھی درخواست دائر کی ہے، جس پر سماعت جاری ہے۔
"عوامی مقامات پر نماز سے گریز کریں": مولانا محمد توفیق اشرفی
گلشنِ غریب نواز مسجد کے امام و خطیب مولانا محمد توفیق اشرفی نے اس مسئلے پر اسلامی نقطۂ نظر پیش کرتے ہوئے کہا، "شریعت کے مطابق خواتین کے لیے گھر پر نماز ادا کرنا افضل ہے۔ اسلام میں ایسی جگہ نماز پڑھنے کی ممانعت ہے جہاں لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہو۔ شنیوار واڑہ ایک تاریخی اور عوامی مقام ہے، اس لیے وہاں نماز ادا کرنا مناسب نہیں تھا۔"
انہوں نے کہا، "ہم ہر مذہب کا احترام کرتے ہیں، اس لیے اگر کسی چیز سے دوسروں کے جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہو تو ہمیں اس سے بچنا چاہیے۔ اسلام کبھی بھی کسی ایسے عمل کی اجازت نہیں دیتا جو کسی کو تکلیف دے۔"
مولانا اشرفی نے مسلم مردوں کو بھی نصیحت کی کہ موجودہ حالات میں عوامی مقامات پر نماز سے پرہیز کریں تاکہ کسی قسم کے تنازعے یا بدمزگی سے بچا جا سکے۔
شنیوار واڑہ: بہادری، محبت اور رواداری کی علامت
شنیوار واڑہ صرف ایک تاریخی عمارت نہیں بلکہ مرہٹہ سلطنت کی عظمت، پیشواؤں کی بہادری اور ایک لازوال محبت کی کہانی کا گواہ ہے۔ سنہ 1732 میں پیشوا باجی راؤ اول نے اس کی تعمیر کروائی تھی، جو مرہٹہ اقتدار کا مرکز بنا۔ باجی راؤ نے اسی واڑہ سے سلطنت کو وسعت دی، یہاں تک کہ مرہٹہ پرچم دریائے اٹک کے پار لہرانے لگا۔
لیکن شنیوار واڑہ کی پہچان صرف سیاست نہیں، بلکہ باجی راؤ اور ان کی محبوبہ مستانی کی کہانی بھی ہے۔ مستانی، جو بندیل کھنڈ کے راجہ چھترسال کی بیٹی تھیں، ایک مسلم خاتون تھیں۔ باجی راؤ نے ان سے شادی کی اور ان کے مذہبی عقائد کا مکمل احترام کیا۔ شنیوار واڑہ کے اندر ان کے لیے الگ سے عبادت کا انتظام کیا گیا۔ اس زمانے میں یہ مذہبی رواداری ایک بڑی مثال تھی۔
باجی راؤ اور مستانی کے خاندان کے وارث آج بھی زندہ ہیں اور وقتاً فوقتاً شنیوار واڑہ کا دورہ کرتے ہیں۔ نواب علی بہادر کا خاندان آج بھی اس مشترکہ وراثت کا زندہ ثبوت ہے—یہ خاندان آج کے دور میں بھی ہندو مسلم اتحاد کی علامت مانا جاتا ہے۔
سنہ 2015 میں بننے والی فلم ’باجی راؤ مستانی‘ نے شنیوار واڑہ کی تاریخ اور اس محبت بھری داستان کو نئی نسل کے سامنے دوبارہ زندہ کر دیا۔ آج بھی ہزاروں سیاح یہاں آتے ہیں، نہ صرف اس کے تاریخی حسن کو دیکھنے بلکہ اس دیواروں میں چھپی اس محبت اور رواداری کی خوشبو محسوس کرنے کے لیے۔