سکھ مذہبی املاک سے متعلق مفاد عامہ کی درخواست:کورٹ کا سماعت سے انکار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 20-05-2026
سکھ مذہبی املاک سے متعلق مفاد عامہ کی درخواست:کورٹ کا سماعت سے انکار
سکھ مذہبی املاک سے متعلق مفاد عامہ کی درخواست:کورٹ کا سماعت سے انکار

 



نئی دہلی: سکھ مذہبی املاک سے متعلق مفاد عامہ کی درخواست کیس میں سپریم کورٹ نے بدھ کے روز ملک بھر میں سکھ مذہبی اور ورثے سے متعلق املاک کے تحفظ، آڈٹ اور ریگولیشن کے لیے ہدایات جاری کرنے کی درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا۔

چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جیو مالیا باغچی پر مشتمل بینچ نے درخواست گزار چرن جیت سنگھ سے کہا کہ وہ اپنی شکایات پارلیمنٹ کی پیٹیشن کمیٹی کے سامنے پیش کریں۔ درخواست گزار، جو دہلی کے ایک سکھ تنظیم سے وابستہ ہیں، عدالت میں خود پیش ہوئے اور سماعت کی درخواست کی۔ ایک موقع پر انہوں نے بینچ کے سامنے جھک کر نوٹس جاری کرنے کی استدعا بھی کی۔

انہوں نے کہا، “میں آپ کے سامنے عاجزی سے درخواست کرتا ہوں، براہِ کرم میری پٹیشن پر نوٹس جاری کریں۔” اس پر چیف جسٹس سوریہ کانت نے کہا کہ عدالت کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، مگر یہ معاملہ قانون سازی کے دائرے میں آتا ہے، اس لیے پارلیمنٹ سے رجوع کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر عدالت اس میں مداخلت کرے تو یہ تاثر پیدا ہو سکتا ہے کہ مذہبی معاملات میں مداخلت کی جا رہی ہے۔

تاہم بینچ نے درخواست گزار کو یہ سہولت بھی دی کہ اگر وہ پارلیمنٹ کے جواب سے مطمئن نہ ہوں تو وہ دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔ درخواست میں ملک بھر میں سکھ مذہبی اور ورثے کی املاک کے انتظام میں بڑے پیمانے پر اصلاحات، اور ان معاملات میں مبینہ غیر قانونی منتقلی، کم قیمت پر فروخت، بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے لیے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (CBI) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) کو ہدایات دینے کی درخواست بھی شامل تھی۔