نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ماتحت عدالتی افسران پر عوامی سطح پر تنقید کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر ہائی کورٹس کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائی کورٹ سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ضلعی عدلیہ کے افسران کے سرپرست کے طور پر کردار ادا کرے۔
جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا پر مشتمل بینچ نے کرایہ داری سے متعلق ایک فوجداری کیس میں ملزم کی ضمانت منسوخ کرنے کے کلکتہ ہائی کورٹ کے حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے یہ ریمارکس دیے۔ بینچ نے کہا کہ یہ تنازع بنیادی طور پر دیوانی نوعیت کا ہے اور تکنیکی بنیادوں پر تقریباً آٹھ سال بعد ضمانت کے حکم کو منسوخ کرنا مناسب نہیں تھا۔
عدالت نے کہا، حال ہی میں یہ رجحان بن گیا ہے کہ ہائی کورٹس کے ذریعے نگرانی، اپیلی یا نظرثانی سماعت کے دوران دیے گئے عدالتی احکامات میں جونیئر عدالتی افسران کی تنقید کی جاتی ہے اور ان کے خلاف سخت ریمارکس دیے جاتے ہیں۔ بینچ نے مزید کہا، چونکہ ہائی کورٹ ایک ‘کورٹ آف ریکارڈ’ ہے، اس سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ضلعی عدلیہ کے افسران کے سرپرست کے طور پر کام کرے۔
سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی عدالتی افسر کے حکم میں خامیاں پائی جائیں تو اس پر فوری طور پر تضحیک آمیز یا سخت تبصرے کرنا مناسب نہیں ہوتا۔ عدالت نے کہا، ایسے ریمارکس کسی عدالتی افسر کے کیریئر کو متاثر کر سکتے ہیں اور ضلعی عدلیہ کے مجموعی حوصلے کو بھی کمزور کر سکتے ہیں۔