نئی دہلی: حج 2026 کے مقدس سفر کے لیے دہلی کے عازمین کے انتخاب کے بعد اب منتخب عازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حج اخراجات کی پہلی اور پیشگی رقم، جو کہ فی کس 1,52,300 روپے ہے، جمع کرانے کے بعد اپنے تمام مطلوبہ دستاویزات اور صحت کی جانچ پر مبنی میڈیکل سرٹیفکیٹ 30 اگست تک حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر اپلوڈ کریں یا دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر، حج منزل میں جمع کرائیں۔
عازمین کی سہولت کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے حج منزل میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا ہے، جس میں دہلی حکومت کے ڈاکٹر عازمین کو میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کریں گے۔ اس موقع پر حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے کہا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی ہر سال عازمین کو فارم بھرنے سے لے کر حج پرواز تک ہر طرح کی خدمات فراہم کرتی ہے اور حج منزل میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد اسی عزم اور خدمت کا ایک اہم حصہ ہے۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے میڈیکل کیمپ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ کیمپ 30 اگست تک صبح 10 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک جاری رہے گا۔ عازمین کو سہولت حاصل کرنے کے لیے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی لیبارٹری سے اپنے کچھ ٹیسٹ جیسے CBC، خون کا رینڈم ٹیسٹ، KFT، چھاتی کا ایکسرے اور ECG کی رپورٹ لے کر حج منزل آئیں۔
اشفاق احمد نے کہا کہ ہر گروپ کے تمام عازمین کو اپنی اپنی ٹیسٹ رپورٹ کے ساتھ خود آنا ضروری ہے، ورنہ غیر حاضری کی صورت میں کسی کا میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ عازمین اپنی ٹیسٹ رپورٹ کی بنیاد پر کسی بھی سرکاری اسپتال، ڈسپنسری یا آیوشمان آروگیہ مندر سے بھی میڈیکل سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ میڈیکل سرٹیفکیٹ کا پروفارما حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے آفیشل واٹس ایپ گروپ سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔