جموں: میڈیکل کالج میں داخلے کے تنازع پر لوک بھون کے باہر احتجاج

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-12-2025
جموں: میڈیکل کالج میں داخلے کے تنازع پر لوک بھون کے باہر احتجاج
جموں: میڈیکل کالج میں داخلے کے تنازع پر لوک بھون کے باہر احتجاج

 



جموں/ آواز دی وائس
ہفتہ کے روز جموں میں لوک بھون کے باہر درجنوں مظاہرین جمع ہوئے اور جموں و کشمیر کے ریاسی میں واقع ’شری ماتا ویشنو دیوی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایکسی لینس‘ کی ایم بی بی ایس داخلہ فہرست کو منسوخ کرنے کے مطالبے پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا پتلا نذرِ آتش کیا۔
یہ احتجاج حال ہی میں قائم ہونے والی مختلف دائیں بازو کی تنظیموں کے اتحاد ’شری ماتا ویشنو دیوی سنگھرش سمیتی‘ کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا، جس کے دوران مظاہرین ’’لیفٹیننٹ گورنر واپس جاؤ‘‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ احتجاج میں بی جے پی کی جموں و کشمیر یونٹ کی خواتین کارکنان کے علاوہ جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر ارون گپتا سمیت تاجر برادری کے کئی افراد نے بھی شرکت کی۔
اس مظاہرے کے باعث لوک بھون کے باہر مرکزی سڑک بند ہو گئی، جس کے نتیجے میں اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام لگ گیا اور ڈیڑھ گھنٹے سے زائد وقت تک مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لوک بھون کے باہر امن و امان برقرار رکھنے اور ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ مظاہرین کی جانب سے احاطے کے اندر داخل ہونے کی کوششوں کو روکنے میں پولیس کو کافی جدوجہد کرنا پڑی۔
سنگھرش سمیتی کے کنوینر کرنل سکھویر سنگھ منکوٹیا نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی عقیدت سے جڑی جائز مانگوں کے حل تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ ہم کسی مخصوص مذہب کے طلبہ کے خلاف نہیں ہیں، ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ میڈیکل کالج میں نشستیں صرف ہندو طلبہ کے لیے مختص کی جائیں۔
منکوٹیا نے مزید کہا کہ اگر ہندو طلبہ کے لیے نشستیں مختص کرنے میں کوئی مسئلہ ہے تو حکومت کو یہ میڈیکل کالج بند کر دینا چاہیے۔ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب گزشتہ ماہ نیٹ میرٹ لسٹ کے ذریعے ایم بی بی ایس کے پہلے بیچ کے 50 طلبہ کا داخلہ مکمل کیا گیا۔ اس بیچ میں 42 مسلم امیدوار شامل ہیں (جن میں زیادہ تر کشمیر سے ہیں)، جبکہ جموں کے سات ہندو طلبہ اور ایک سکھ امیدوار بھی شامل ہے۔
یہ احتجاج دائیں بازو کے ہندو گروہوں کی جانب سے شروع کیا گیا تھا، جس کے بعد سنگھرش سمیتی تشکیل دی گئی۔ اس کے رہنماؤں نے اس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر اور مرکزی وزیرِ صحت سمیت مرکزی حکومت کے رہنماؤں سے بھی بات چیت کی ہے۔