گروگرام: پارک میں نماز کے خلاف احتجاج، 30 افراد حراست میں

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 29-10-2021
گروگرام: عوامی مقامات پرنماز کے خلاف احتجاج، 30 افراد زیر حراست
گروگرام: عوامی مقامات پرنماز کے خلاف احتجاج، 30 افراد زیر حراست

 


آواز دی وائس، گروگرام

قومی دارالحکومت نئی دہلی سے متصل ریاست ہریانہ کے شہر گروگرام میں عوامی مقامات پر جمعہ کی نماز پڑھنے کا معاملہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔

جمعہ کو ایک بار پھر مقامی لوگوں نے عوامی مقامات پر نماز ادا کرنے کے خلاف احتجاج کیا۔ گروگرام کے سیکٹر-12A علاقے میں احتجاج کے سلسلے میں پہنچنے والے ہندو تنظیموں کے نمائندوں کو گروگرام پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ حراست میں لیے گئے افراد کی تعداد 30 بتائی جارہی ہے۔

حراست میں لینے کے بعد تمام افراد کو بجگھیڑا تھانے میں رکھا گیا ہے۔

احتجاج کے پیش نظر جہاں جہاں مسلم کمیونٹی کے لوگ نماز ادا کرتے ہیں وہاں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ بتادیں کہ جمعہ کو گروگرام پولیس انتظامیہ نے ضلع میں 37 مقامات پر نماز پڑھنے کی اجازت دی ہے۔

اس سے پہلے گزشتہ ہفتے حالات کشیدہ ہو گئے تھے، جب گروگرام کے سیکٹر 12-A میں ایک نجی زمین پر نماز ادا کرنے والے لوگوں نے احتجاج کیا تھا۔ اس میں ایک ہندو تنظیم کے کارکن بھی شامل تھے۔

awazurdu

اس دوران جمع ہوئی بھیڑ نے جئے شری رام کے نعرے بھی لگائے۔

غور طلب ہے کہ گروگرام میں کھلے عام نماز کے خلاف احتجاج پچھلے مہینے سے شدت اختیار کر گیا ہے۔ گروگرام سیکٹر 47 میں گزشتہ ماہ کئی بار کھلے میں نماز جمعہ ادا کی گئی، جس کی آر ڈبلیو کے ارکان اور مختلف ہندو تنظیموں سے وابستہ لوگوں نے مخالفت کی۔

اس دوران کھلے عام نماز کے دوران جب کئی تنظیموں کے لوگ پہنچے تو پولیس نے انہیں بتایا کہ ضلع انتظامیہ کی میٹنگ میں یہ طے ہوا تھا کہ نماز کہاں ادا کی جائے گی؟ اس کے بعد بھی عوام کا احتجاج جاری رہا۔

awazurdu