ایم ایل اے مہراج ملک کی حراست کے بعد احتجاج

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-09-2025
ایم ایل اے مہراج ملک کی حراست کے بعد احتجاج
ایم ایل اے مہراج ملک کی حراست کے بعد احتجاج

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی مہراج ملک کو پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت حراست میں لیے جانے کے ایک روز بعد جموں و کشمیر انتظامیہ نے منگل کو بتایا کہ ڈوڈہ ضلع میں احتجاج شروع ہوگئے ہیں۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے ان کے خلاف کی گئی کارروائی کو درست ٹھہراتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ عوامی امن کے لیے فوری خطرہ ہیں۔ یہاں تک کہ ان پر خواتین کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔ آپ ممبر اسمبلی کی حراست کو جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے غلط قرار دیا ہے۔
وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اب انہوں نے پی ایس اے کے قابل کچھ نہیں کیا ہے۔ میری سمجھ میں کچھ نہیں آتا۔ اتنا سخت قانون آخر انہوں نے کیا کیا؟ کہیں حالات بگڑے یا کہیں پتھراؤ ہوا؟ الٹا جن لوگوں نے یہاں کا ماحول خراب کیا، جن لوگوں نے ہمارے مذہبی جذبات سے کھیل کیا، وہاں تو کچھ بھی نہیں ہوا۔ بےگناہ لوگوں کو یہاں تنگ کیا جا رہا ہے، تھانوں میں بلایا جا رہا ہے اور پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ لیکن جنہوں نے ہمارے مذہبی جذبات سے کھیل کیا، ان کے خلاف کچھ نہیں کیا جا رہا ہے۔ ایم ایل اے صاحب نے اگر کوئی غلطی کی ہے تو اسے اسمبلی میں درست کیا جا سکتا ہے۔ پی ایس اے جیسے قانون کا ان پر اطلاق نہیں ہونا چاہیے تھا۔
آپ ممبر اسمبلی کو حراست میں لیا گیا
 رپورٹ کے مطابق، ڈوڈہ کے کہارہ اور ملکپورہ علاقوں میں بڑی تعداد میں بھیڑ جمع ہوگئی۔ یہاں پر ملک کا خاصا اثر مانا جاتا ہے۔ بعد میں پولیس نے احتجاج کو منتشر کر دیا۔ انتظامیہ نے ان پر الزام لگایا ہے کہ جب بھی انتظامیہ نے عوامی نظام بحال کرنے کے لیے کارروائی کی، تو انہوں نے عوام، خاص طور پر نوجوانوں کو بھڑکانے کی کوشش کی۔ حراست میں لیے گئے آپ رکن اسمبلی پر سرکاری افسران کو کھلے عام دھمکی دینے اور آپریشن سندور کے دوران انتظامیہ کے خلاف عوام کو بھڑکانے کا بھی الزام ہے۔
ڈوزیئر میں ایف آئی آر کا ذکر
عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی مہراج ملک کے خلاف تیار کیے گئے ڈوزیئر میں ڈوڈہ پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ یہ ایف آئی آر ڈوڈہ سرکاری میڈیکل کالج میں بطور ڈاکٹر کام کرنے والی ایک خاتون کی شکایت پر درج کی گئی تھی۔ ڈوزیئر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ قانونی کارروائی کے باوجود ملک نے اپنا رویہ نہیں بدلا۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملک کے اقدامات سے نوجوانوں کا قانون کی حکمرانی پر سے اعتماد اٹھنے کا خدشہ ہے۔