جمعہ جمعیتہ علماءہند کے زیر اہتمام تحفظ قرآن ریلی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-03-2021
جمعہ جمعیتہ علماءہند   کے زیر اہتمام تحفظ قرآن ریلی
جمعہ جمعیتہ علماءہند کے زیر اہتمام تحفظ قرآن ریلی

 

فیروز خان/ دیوبند

شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئر مین وسیم رضوی کے ذریعہ سپریم کورٹ میں قرآن مجید کی26آیات کو ہٹانے جیسی فتنہ انگیز رٹ پٹیشن داخل کرکے ملک کے امن و امان کو نقصان پہنچانے کی سازش کے خلاف بعد نماز جمعہ جمعیتہ علماءہند (م)کی دیوبند یونٹ کے زیر اہتمام تحفظ قرآن ریلی نکالی گئی ۔جمعہ کی نماز کے بعد شہر کے سرسٹہ بازار میں واقع جامع مسجد سے چند نمازی احتجاج کرتے ہوئے دارالعلوم چوک و محلہ خانقاہ سے ہوتے ہوئے عید گاہ میدان پہنچے ۔

ریلی میں جمعیتہ علماءہند کا کوئی کارکن موجود نہیں تھا ، ریلی کی قیادت ہر وقت تھانہ دیوبند میں موجود رہنے والے دو ایس پی او کر رہے تھے جس کے سبب ریلی جمعیتہ علماءہند کی نہ ہوکر انتظامیہ کی محسوس ہو رہی تھی ،ریلی میں بڑوں سے زیادہ نا بالغ بچے موجود تھے جو نعرہ تکبیر اوروسیم رضوی کو پھانسی دو جیسے نعرے لگا رہے تھے ،اور جمعیتہ علماءہند دیوبند یونٹ کے چند عہدہ داران عید گاہ میدان میں اسٹیج سجا کر بیٹھے ہوئے تھے ،جو اپنی تقریریں سنانے کو بے تاب نظر آ رہے تھے ، ریلی کے عیدگاہ میدان پہنچنے پراسٹیج پر موجود کارکنان نے احتجاجی نعرے لگاکر وسیم رضوی کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے صدیق احمد مدنی کی تلاوت قرآن پاک سے پروگرام کا باقائدہ آغاز کر دیا ۔

پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے جمعیتہ علماءہند کے ضلع سکریٹری ذہین احمد نے کہا وسیم رضوی کی فتنہ انگیزی نا قابل برداشت ہے کیونکہ قرآن مقدس ایک آسمانی کتاب ہے جس کے حرف بحرف اور ایک ایک نقطے کے سچا ہونے پر مسلمانوں کا ایمان ہے ۔ایسے میں قرآن کی26آیتیں ہٹانے کی باتیں کرنا اور عدالت میں عرضی داخل کرنا سراسر فتنہ ہے جو سیاسی مفاد کی خاطر کیا گیا ہے ۔

تنظیم کے ضلع صدر مولانا ظہور احمد قاسمی نے کہا کہ قرآن کریم کی عظمت کے خلاف تاریخ عالم کا یہ ایک ایسا مرتدانہ اور ملعون عمل ہے جس سے ہندوستانی مسلمانوں سمیت سارا عالم اسلام بے چین و مضطرب ہو گیا ہے ،اسلام اور قرآن دشمن عناصر کے ابلیسی آلہ کار وسیم رضوی اور قرآن دشمن سازش کاروں کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ قرآن کریم کی آفاقی عظمت صرف دور حاضر کے لئے ہی نہیں بلکہ صبح قیامت تک کے لئے نا قابل ترمیم و تنسیخ ہے ۔مولوی محمود ،مولانا شمشیر قاسمی ،مولانا عبدالمنان ،مولانا مفتی شاکر اور مولانا محمد ذاکر نے کہا کہ ہندوستان کی عدالت ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر دنیا کے کسی قانون یا عدالت کے نظام میں یہ گنجائش ہی نہیں ہے کہ وہ قرآن کریم کی ناقابل تحریف و تنسیخ عظمت پر انگلی اٹھانے کی جسارت و ہمت کر سکے ۔

آخیر میں سی او دیوبند رجنیش اپادھیائے کے توسط سے ایک میمورنڈم صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو ارسال کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وسیم رضوی کی ناپاک حرکت و اس کی طوفان بدتمیزی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت بغیر کسی تاخیر کے سخت سے سخت کارروائی کی جائے تاکہ ملک کو کسی بھی قسم کی بد امنی سے محفوظ رکھا جا سکے ساتھ ہی وسیم رضوی نے اپنے دور اقتدار میں چیئر مین رہتے ہوئے جو بدعنوانی کی ہے اس کی بھی سی بی آئی جانچ کرائی جائے ۔اس احتجاجی مظاہرہ میں مظاہرین کی تعداد بہت مختصر رہی کیونکہ اس میں جمعیتہ علماءشہر دیوبند کی نمائندگی نہیں تھی اور نہ ہی تحصیل کے ذمہ داران اس احتجاجی مظاہرہ میں شریک تھے ۔