بیرون ملک مقیم کنڑ برداری کا تحفظ ہماری اولین ترجیح : سدارامیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 02-03-2026
بیرون ملک مقیم کنڑ برداری کا تحفظ ہماری اولین ترجیح : سدارامیا
بیرون ملک مقیم کنڑ برداری کا تحفظ ہماری اولین ترجیح : سدارامیا

 



بنگلورو: کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے پیر کے روز کہا کہ مغربی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر وہ گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بیرونِ ملک مقیم کنڑ برادری کے لوگوں کی حفاظت اور فلاح ان کی اولین ترجیح ہے۔

سدارمیا نے ‘ایکس’ پر کہا کہ اب تک موصولہ معلومات کے مطابق فضائی حدود میں رکاوٹ اور پروازوں کی منسوخی کے باعث تقریباً 100 کنڑ افراد دبئی (متحدہ عرب امارات) میں اور نو افراد بحرین میں پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا، "ہماری ٹیمیں ان اطلاعات کی تصدیق اور مدد فراہم کرنے کے لیے مسلسل رابطے میں ہیں۔

اپنی پوسٹ میں وزیر اعلیٰ نے خلیجی خطے میں واقع بھارتی سفارت خانوں کے ہیلپ لائن نمبر بھی شیئر کیے اور کہا، "مغربی ایشیا کے کچھ حصوں میں حالیہ کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر میں مسلسل نظر رکھے ہوئے ہوں۔ بیرونِ ملک رہنے والے ہر کنڑ فرد کی سلامتی اور بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔"

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (SEOC) اور تمام ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز (DEOC) کو 24 گھنٹے کے لیے فعال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم وزارتِ خارجہ، شہری ہوا بازی کی وزارت، بھارتی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ ہمارے چیف سیکریٹری نے حکومتِ ہند کو خط لکھ کر کنڑ بولنے والے افراد کی حفاظت، مدد اور ممکنہ واپسی کے لیے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے۔"

سدارمیا نے کہا کہ ایک علیحدہ خط بھی بھیجا گیا ہے جس میں ضروری امداد فراہم کرنے اور جلد از جلد واپسی کی پروازوں کو یقینی بنانے کے لیے ایئر لائنز کے ساتھ ہم آہنگی کی درخواست کی گئی ہے۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں موجود لوگوں سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور مقامی حکام و بھارتی سفارت خانوں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہیلپ لائن نمبرز کے ذریعے متعلقہ سفارت خانے یا قونصل خانے میں اپنا اندراج کرائیں، جبکہ ریاستی ٹیمیں درخواستوں کو جمع کر کے ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کرناٹک حکومت ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ان کی سلامتی اور محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ضروری قدم اٹھاتی رہے گی۔